مصر میں جاسوسی کے شبہ میں ایک برطانوی شخص گرفتار

لندن ۔30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک 19 سالہ برطانوی شخص کو مصر میںجاسوسی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ اس کے ارکان خاندان نے بی بی سی کو یہ بات بتائی۔ رپورٹ کے مطابق 19 سالہ محمد ابوالقاسم کو شمالی بندرگاہی شہر اسکندریہ سے 21 نومبر کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ لیبیا سے وہاں پہنچا تھا۔ دوسری جانب برطانوی دفترخارجہ نے بتایا کہ اس سلسلہ میں مصری حکام سے مزید معلومات متوقع ہے جو دفترخارجہ کو کسی برطانوی شہری کے مصر میں گرفتاری سے متعلق ہے اور ساتھ ہی ساتھ اس بات کی اجازت بھی مطلوب ہے کہ کیا گرفتار شدہ شخص کو سفارتی رسائی حاصل ہوسکتی ہے؟ دفترخارجہ نے البتہ جاسوسی کے الزام کا کوئی تذکرہ نہیں کیا۔ ابوالقاسم کے ارکان خاندان کا کہنا ہیکہ اسے صرف اس لئے گرفتار کیا گیا ہے کہ اس کے فون پر حکام نے ایک فوجی طیارہ کی تصویر دیکھی تھی جبکہ اس نے وہ تصویر اسکندریہ پہنچنے پر طیارہ کی کھڑکی سے کھینچی تھی۔