مصر میں استصواب عامہ کیلئے رائے دہی کا آغاز

قاہرہ 20 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) مصر میں آج استصواب عامہ کیلئے رائے دہی کا آغاز ہوا ۔ اس استصواب عامہ کا مقصد صدر عبدالفتاح السیسی کے اقتدار کو وسعت دینا ہے جنہوں نے بغاوت کے ذریعہ اقتدار حاصل کیا تھا۔ وہ اب ملک میں اپنا مستحکم موقف بناچکے ہیں۔ حقوق انسانی گروپس کے احتجاج کے باوجود سہ روزہ استصواب عامہ سے امکان ہے کہ ملک میں وسیع پیمانے پر دستوری تبدیلیوں کی راہ ہموار ہوگی اور السیسی کے اقتدار کو کم از کم 2024 تک وسعت حاصل ہوجائیگی ۔ اس کے علاوہ جو دستوری ترامیم ہونگی ان کے نتیجہ میں 64 سالہ السیسی کو نئی میعاد کیلئے مقابلہ کرنے کا موقع بھی مل جائیگا ۔ مصر میں استصواب عامہ ایسے وقت ہو رہا ہے جبکہ قریبی ممالک الجیریا اور سوڈان میں عوامی مخالفت اور احتجاج کے نتیجہ میں صدور مملکت کو اقتدار سے محروم ہونا پڑا ہے ۔ 2011 میں شروع ہوئی بہار عرب کے بعد انتہائی مشکل اور سخت گیر حالات میں السیسی نے اقتدار سنبھالا تھا ۔