مشیروں کو کابینی درجہ دینے کیخلاف ہائیکورٹ میں درخواست

حیدرآباد 31 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے اپنے مشیروں کو کابینی درجہ کا عہدہ دیئے جانے پر قائد تلگودیشم مقننہ پارٹی مسٹر اے ریونت ریڈی نے عوامی مفادات کے تحت ہائیکورٹ میں درخواست داخل کی تھی۔ اس درخواست کو قبول کرتے ہوئے ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت کو ایک ہفتہ کے لئے ملتوی کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ دستور ہند کے آرٹیکل 164(A)1 کی روشنی میں ارکان اسمبلی کی تعداد میں 15 فیصد سے زائد کابینی درجہ کا عہدہ نہ دیا جانا چاہئے لیکن تلنگانہ حکومت پر ارکان اسمبلی نہ رہنے والے افراد کو بحیثیت مشیر حکومت تقرر اور کابینی عہدہ دیتے ہوئے دستور ہند کی خلاف ورزی کرنے کا ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا اور کہاکہ حکومت کے ان اقدامات کی وجہ سے خزانہ پر زبردست بوجھ عائد ہورہا ہے لہذا ہائیکورٹ چیف جسٹس نے ایڈوکیٹ جنرل حکومت تلنگانہ سے مسٹر ریونت ریڈی کے وکیل کے ادعا جات کی سماعت کرتے ہوئے ارکان اسمبلی نہ رہنے والوں کو ان کے اختیارات اور اہلیت سے مطلع کرنے کی ہدایت دیں۔ مسٹر ریونت ریڈی کے قریبی ذرائع نے یہ بات بتائی۔