مشیرآباد میں بی جے پی و ٹی آر ایس ناکام ہوں گے : انیل کمار یادو

تلگودیشم لیڈر ایم این سرینواس کے ساتھ دورہ ۔ عوام کی جانب سے والہانہ استقبال

حیدرآباد ۔ 30 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : کانگریس کے سینئیر قائدین کی پدیاترا روڈ شوز کے بعد اسمبلی حلقہ مشیر آباد میں کانگریس کے امیدوار انیل کمار یادو کا موقف انتہائی مستحکم ہوگیا ہے ۔ عوام جگہ جگہ پر کانگریس امیدوار کا والہانہ خیر مقدم کرتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کا تیقن دے رہے ہیں ۔ کانگریس کے امیدوار انیل کمار یادو نے آج حیدرآباد سٹی تلگو دیشم کے صدر ایم این سرینواس کانگریس ، ٹی جے ایس اور سی پی آئی کے قائدین و کارکنوں کے ساتھ باکارام کے علاوہ دوسرے علاقوں میں پدیاترا کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی ۔ راہول گاندھی اور چندرا بابو نائیڈو کے مشترکہ روڈ شو کے بعد شہر میں عوامی محاذ امیدواروں کی مقبولیت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ دو دن قبل غلام نبی آزاد ، عمران پرتاپ گڑھی اور آج نوجوت سنگھ سدھو نے اسمبلی حلقہ مشیر آباد میں روڈ شوز کا اہتمام کرنے کے بعد کانگریس کی انتخابی مہم میں شدت پیدا ہوگئی ہے ۔ انیل کمار یادو نے کہا کہ حلقہ کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں کانگریس کے لیے ترقی اور فلاح بہبود جس طرح اہم ہے ۔ ان کے لیے ہندو مسلم ان کی دو آنکھ ہیں اور انہیں سماج کے تمام طبقات کا بھر پور تعاون حاصل ہے ۔ کانگریس مذہب کی سیاست پر یقین رکھتی ہے ۔ سیکولرازم پر یقین رکھتی ہے ۔ بی جے پی مذہب کی سیاست کرتے ہوئے عوام میں تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ بی جے پی کو یقین ہوگیا کہ ڈاکٹر لکشمن جو بی جے پی کے ریاستی صدر بھی ہیں شکست سے دوچار ہوجائیں گے ۔ اس لیے ٹی آر ایس اور بی جے پی اپنے خفیہ اتحاد کو اسمبلی حلقہ مشیر آباد میں بڑی شدت سے آزما رہی ہے ۔ لیکن عوام با شعور ہیں انہیں کانگریس پر بھروسہ ہے وہ بہکاو میں آنے والے نہیں ہیں۔ انیل کمار یادو نے کہا کہ وہ کامیابی کے بعد اسمبلی حلقہ مشیر آباد میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہاسپٹلس ، اسکولس ، کالجس کی فراہمی پر خصوصی توجہ دیں گے ۔ انیل کمار یادو نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں کانگریس کے زیر قیادت پیپلز فرنٹ کی حکومت قائم ہوگی ۔ اس کے بعد اسمبلی حلقہ مشیر آباد کی ترقی کے لیے خصوصی منصوبے تیار کئے جائیں گے ۔ عوام کے جو بھی مسائل ہیں اس کو جنگی خطوط پر دور کیا جائے گا ۔ کانگریس کے امیدوار نے بتایا کہ کانگریس کے انتخابی منشور پر عوام اطمینان و راحت محسوس کررہے ہیں ۔ غریب خاندان کو سالانہ 6 پکوان سیلنڈر مفت سربراہ کرنے ، راشن شاپس سے 9 اشیاء ضروریہ تقسیم کرنے ، ایس سی ایس ٹی طبقات کو مفت تقسیم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے ۔ ساتھ ہی اقلیتوں کیلئیسب پلان تیار کیا جارہا ہے ۔ جس سے اقلیتی بجٹ 2 ہزار کروڑ سے بڑھ کر 24 ہزار کروڑ تک پہونچ پائے گا ۔۔