مشکل وقت میں ساتھی کی مدد کرنامہنگا ثابت

ونستھلی پورم پولیس نے دو افراد کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا
حیدرآباد 27 فروری (سیاست نیوز) ساتھی کی مشکل وقت میں مدد کرنا اور رقم کے لئے زبردستی کرنا دو افراد کے لئے مہنگا ثابت ہوا جنھیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا۔ یہ واقعہ پنجہ گٹہ پولیس حدود میں پیش آیا جہاں پولیس نے ونستھلی پورم علاقہ کے ساکنان اللہ بخش اور راجیش ورما کو گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دے دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اللہ بخش اور راجیش ورما اپنے ساتھی رافیل کینڈی سے رقم پوچھنے کے لئے گزشتہ روز بنجارہ ہلز روڈ نمبر ایک پر واقع اس کے آفس گئے تھے۔ رافیل کینڈی انٹرپرائزز کا کام کرتا ہے۔ چند ماہ قبل کینڈی کے ایک ساتھی ونئے کمار کو رقم کی سخت ضرورت تھی جس نے کینڈی سے رقمی مدد چاہی تاہم اس نے فوری طور پر رقم کے لئے اس کی مدد کرنے اپنے ساتھی اللہ بخش کے یہاں ونستھلی پورم روانہ کردیا جہاں اللہ بخش کی موبائیل کی دوکان ہے۔ اپنا کریڈٹ کارڈ اللہ بخش کو دے کر اس سے رقم لینے کا مشورہ دیا۔ کینڈی کی ہدایت پر ونئے کمار نے اللہ بخش سے ایک لاکھ 40 ہزار روپئے حاصل کرلئے۔ تاہم دو ماہ کا عرصہ گزرنے کے بعد جب اللہ بخش نے کریڈٹ کارڈ کے تعلق سے رقم ادا کرنے کی خواہش کی تو کینڈی ٹال مٹول کررہا تھا۔ جس پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے اللہ بخش نے اس بینک سے ربط قائم کیا جس پر بینک میں کینڈی کا کھاتہ تھا۔ تاہم وہاں پتہ چلا کہ اس کے کھاتے میں رقم نہیں ہے۔ دھوکہ ہونے کے بعد اللہ بخش اور راجیش ورما دونوں کینڈی کے آفس پہونچ گئے اور اس کی غیر موجودگی میں دونوں نے اس کے بھانجہ رابن کو اپنے ساتھ لے کر چلے گئے۔ رابن کے تعلق سے پریشانی کا شکار کینڈی کی بیوی ارونا نے پنجہ گٹہ پولیس سے شکایت کردی۔ پولیس نے تحقیقات کے بعد دونوں کو گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دے دیا۔