مشن بھاگیرتا کی مقررہ وقت سے قبل تکمیل پر زور

تاخیر پر سخت کارروائی ، کنٹراکٹ منسوخ کرنے چیف منسٹر کا انتباہ
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : چیف منسٹر کے سی آر نے عوام کو نلوں کے ذریعہ صاف پینے کا پانی سربراہ کرنے کے لیے چیلنج کے طور پر قبول کردہ مشین بھاگیرتا کے کاموں کو مقررہ وقت سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت کاموں میں تاخیر کرنے والی ایجنسیوں کے کنٹراکٹ کو منسوخ کرتے ہوئے ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ۔ تاخیر اور غفلت کو ہرگز برداشت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ آج پرگتی بھون میں چیف منسٹر نے مشین بھاگیرتا کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے چند مقامات پر کاموں میں تیزی نہ پیدا کرنے پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا اور عہدیداروں کو فوری حرکت میں آتے ہوئے زیر التواء کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ پائپ لائن ، نلوں کے علاوہ دوسری تعمیری اشیاء کو منتقل کرتے ہوئے اسٹور کرنے پر زور دیتے ہوئے انہیں کالیشورم پراجکٹ کے طرز پر کام کرنے کے احکامات جاری کئے ۔