مشرف کے خلاف پاکستانی عدالت کا وارنٹ جاری

اسلام آباد ، 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پرویز مشرف کی قانونی پریشانیاں آج بڑھ گئیں کیونکہ پاکستان کی ایک خصوصی عدالت نے جو اُن کا غداری مقدمہ چلا رہی ہے، سابق ڈکٹیٹر کیلئے قابل ضمانت گرفتاری وارنٹ جاری کردیا اور 7 فبروری کو اُن کی پیشی کا حکم دیا ہے۔ تین ججوں کی عدالت جسے حکومت نے 2007ء میں ایمرجنسی لاگو کرنے پر 70 سالہ مشرف پر غداری کے الزامات پر مقدمہ چلانے کیلئے تشکیل دیا ہے، اس نے اُن کی یہ عرضی بھی مسترد کردی کہ طبی علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔ تاہم مشرف کو تحویل میں لینے کا امکان نہیں کیونکہ عدالت نے کہا کہ وہ 25 لاکھ روپئے کا مچلکہ پیش کرتے ہوئے ضمانت حاصل کرسکتے ہیں۔ کورٹ کے رجسٹرار نے فیصلہ پڑھ کر سنایا، جسے دن میں قبل ازیں بحث کی تکمیل پر محفوظ کردیا گیا تھا۔