مشرف کے خلاف مقدمہ : وزیر اعظم کی مداخلت کی تردید

اسلام آباد 23 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق صدر پاکستان پرویز مشرف کے خلاف غداری کے الزامات مقدمہ میں استغاثہ نے آج کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے تحقیقات میں کوئی مداخلت نہیں کی ہے ۔ ایک رکن بنچ پر مشتمل خصوصی عدالت کا حکومت کی جانب سے قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں 70 سالہ مشرف کے خلاف مقدمہ کی سماعت ہو رہی ہے ۔ ان پر یہ مقدمہ 2007 میں ایمرجنسی کے نفاذ کی پاداش میں درج کیا گیا ہے ۔ عدالت میں استغاثہ کے وکیل اکرم شیخ کی بحث چل رہی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی عہدیدار عدالت میں حاضر ہوسکتے ہیں اگر ایسا کرنا ضروری ہو ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے اب تک تحقیقات میں کسی طرح کی مداخلت نہیں کی ہے ۔ روزنا مہ ڈان نے یہ بات کہی ۔ اکرم شیخ نے کہا کہ عدالت نے دیانتدار افراد پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی ہے جو ان الزامات کی تحقیقات کریگی ۔

انہوں نے کہا کہ اس مقدمہ میں دستور کی مطابقت میں کام کیا جا رہا ہے ۔ مشرف کے وکیل انور منصور نے مشرف کے خلاف مقدمہ کی سماعت کیلئے خصوصی عدالت کے قیام پر اپنے دلائل پیش کئے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے موکل کے خلاف جس طرح سے مقدمہ درج کیا گیا ہے وہ بھی درست نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دستور میں حکومت کی توضیح وزیر اعظم اور ان کے کابینی رفقا کے طور پر کی گئی ہے ۔ عدالت نے ایک طبی بورڈ قائم کیا ہے تاکہ سابق فوجی حکمران کی صحت کا معائنہ کیا جاسکے ۔ عدالت نے آج تک مشرف کو عدالت میں شخصی حاضری سے استثنی دیا تھا ۔ طبی بورڈ سے کہا گیا ہے کہ معائنہ رپورٹ کل تک عدالت میں پیش کردیں۔ مشرف کو 2 جنوری کو مسلح افواج کے انسٹی ٹیوٹ برائے امراض قلب میں شریک کیا گیا ہے ۔

پشاور میں بم دھماکہ ‘ 6 افراد ہلاک
پشاور 23 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) خیبر پختونخواہ کے ایک علاقہ میں ہوئے بم دھماکہ میں کم از کم 6 افراد ہلاک ہوگئے جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یہ بم ایک گاڑی میں رکھا گیا تھا جو ایک ورکشاپ کے باہر پارک کی ہوئی تھی ۔ یہ بم ایک بڑی آواز کے ساتھ پھٹ پڑآ تھا ۔ بم دھماکہ کے نتیجہ میں چھ افراد چھ افراد فوری طور پر ہلاک ہوگئے ہیں اور آٹھ دوسرے زحمی ہوئے ہیں۔ پولیس کے ایک ترجمان نے یہ بات بتائی ۔ بم کو ناکارہ بنانے والے عملہ نے بتایا کہ اس کار میں تقریبا 20 کیلوگرام دھماکو مادے استعمال کئے گئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ۔ کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔