مشرف کے خلاف تحقیر عدالت کی درخواست مسترد

اسلام آباد ۔ 14 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سپریم کورٹ نے سابق فوجی حکمراں پرویز مشرف کے خلاف توہین عدالت کی ایک درخواست کو آج مسترد کردیا جو ان کے بیرونی سفر پر عائد امتناع کی برخاستگی کیلئے حکومت سے کی گئی درخواست سے متعلق تھی۔ 70 سالہ پرویز مشرف کے خلاف مولوی اقبال حیدر نے عدالت عظمیٰ میں تحقیر عدالت کی یہ درخواست دائر کی گئی۔ انہوں نے استدلال پیش کیا تھاکہ مشرف نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (اے سی ای ایل) سے اپنا نام ہٹانے کی درخواست کی تھی اور اس سے قبل سپریم کورٹ سے منظوری بھی حاصل نہیں کی تھی جو تحقیر عدالت کے مترادف ہے۔ تاہم عدالت نے حیدر کی درخواست پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ جو کچھ بھی ہو بہرحال وہ (مولوی اقبال حیدر) اس مسئلہ کے فریق نہیں ہے اور یہ کہ انہوں نے درخواست میں اپنا غلط پتہ داخل کیا چنانچہ درخواست کو واپس کیا جاتا ہے۔