مشرف کی طبی رپورٹ عدالت میں داخل ،عدالت کا فیصلہ جمعرات کے دن مقرر

اسلام آباد 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کے سابق فوجی حکمران جنرل پرویز مشرف کی طبی رپورٹ ایک سربمہر لفافہ میں خصوصی عدالت میں داخل کردی گئی جو ان کے خلاف اعلی سطحی سازش کے مقدمہ کی سماعت کررہی ہے ۔ اس کے بعد مشرف کو دو دن تک عدالت میں حاضری سے استثنی دیا گیا ۔ خصوصی عدالت کے سربراہ جسٹس فیصل عربی نے کہا کہ بنچ طبی رپورٹ پر اپنا فیصلہ اس کا جائزہ لینے کے بعد جمعرات کے دن سنائے گی ۔ رپورٹ عدالت کے رجسٹرار کو پیش کردی گئی ہے ۔ عبدالغنی سومرونے کہا کہ وکلاء کو بھی رپورٹ کا مشاہدہ کرنے کی اجازت ہوگی ۔ عدالت نے کل مسلح افواج کے ادارہ برائے علاج امراض قلب کو ہدایت دی تھی کہ مشرف کی حالت کے بارے میں ایک سرٹیفکیٹ پیش کیا جائے ۔ مشرف کی قانونی ٹیم کے ایک اہم رکن احمد رضا خصوری نے کہا کہ خصوصی عدالت کے اختیارات محدود ہیں۔