مشرف کو باہر جانے کی اجازت پر فیصلہ موخر، نواز شریف کی مشاورت

اسلام آباد ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کے مشاورتی اجلاس میں پرویز مشرف کو باہر جانے کی اجازت دینے سے متعلق فیصلہ مؤخر کر دیا گیا۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ آئین کی بالا دستی کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔ وزیراعظم نواز شریف نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے مشاورت کی۔ ان رہنماؤں میں چوہدری نثار، خواجہ آصف، پرویز رشید، سردار مہتاب عباسی، احسن اقبال اور دیگر شامل تھے۔ اجلاس میں شریک ایک رہنما نے بتایا ہے کہ اجلاس کا ایک نکاتی ایجنڈا تھا

اور وہ تھا پرویز مشرف سے متعلق۔ ذرائع کے مطابق شرکاء￿ کی ا کثریت نے پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کی اور مؤقف اختیار کیا کہ پرویز مشرف کو سزا دے کر آئین شکنی کا باب بند کیا جا سکتا ہے اور اگر انہیں باہر جانے کی اجازت دے دی گئی تو ڈیل کی باتیں سامنے آئیں گی اور حکومت کے لئے دفاع کرنا مشکل ہو گا۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ بھی تجویز دی گئی کہ اگر پرویز مشرف قوم سے معافی مانگیں تو ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر غور کیا جائے، چند ارکان کی یہ رائے تھی کہ ملک کو درپیش چیلنجس پر بھرپور توجہ دینے کے لئے پرویز مشرف کا باب بند کر دیا جائے، اب عدالت نے معاملہ حکومت پر چھوڑ دیا ہے اس لئے ان کا نام ای سی ایل سے ہٹا دیا جائے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملکی مفادات اولین ترجیحات ہیں، قانون کی حکمرانی ہو گی تو ملک ترقی کر سکتا ہے۔