مشرف کوبگتی قتل مقدمہ میں حاضری کا حکم

اسلام آباد 7 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق فوجی صدر پاکستان جنرل پرویز مشرف کو آج انسداد دہشت گردی عدالت نے 21 اپریل کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا اور انتباہ دیا کہ عدم تعمیل کی صورت میں انہیں بلوچ قوم پرست قائد اکبر بگتی کے قتل کے سلسلہ میں گرفتار بھی کیا جاسکتا ہے ۔ کوئٹہ کی عدالت نے 70 سالہ مشرف کو عدالت کے اجلاس پر پیش ہونے کا حکم دیا اور کہا کہ عدم تعمیل کی صورت میں ان کی ضمانت منسوخ کردی جائے گی اور عدالت اُن کی گرفتاری کا وارنٹ جاری کردے گا ۔ بگتی کے فرزند جمیل کے وکیل سہیل راجپوت نے کہا کہ جج نے مقدمہ کی سماعت کے دوران یہ حکم جاری کیا۔ دریں اثناء سابق مرکزی وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ سابق وزیر داخلہ بلوچستان میر شعیب نو شیروانی عدالت کے اجلاس پر اس مقدمہ کے سلسلہ میں پیش ہوئے ۔
عدالت نے دونوں سابق وزراء کو دوبارہ 21 اپریل کو حاضر ہونے کا حکم دیا۔ اکبر بگتی کے فرزند جمیل اکبر بگتی نے مشرف ،سابق وزیر اعظم شوکت عزیز اور دیگر اعلی سطحی افراد کو اپنے والد کے قتل کا مجرم نامزد کیا ہے ۔ بلوچستان کی ہائی کورٹ پہلے ہی ملزم افراد کے گرفتاری وارنٹ جاری کرچکی ہے ۔