مشرف کا مختصر دورۂ کراچی

اسلام آباد ۔ 19 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے سابق حکمراں اور فی الحال عدالتی کشاکش میں مبتلا پرویز مشرف مختصر دورہ کیلئے آج کراچی روانہ ہوں گے ۔ دریں اثناء مشرف کے قریبی ذرائع نے بھی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ مشرف دو یا تین روز کیلئے کراچی جارہے ہیں اور جلد ہی اسلام آباد واپس آجائیں گے ۔ اپنے دورہ کے دوران 70 سالہ مشرف اپنے ارکان خاندان دوست و احباب اور اپنی پارٹی آل پاکستان مسلم لیگ (APML) کے ارکان سے ملاقات کریں گے ۔ قبل ازیں یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کے مشرف کو علاج کیلئے کراچی کے پی این ایس شفا ہاسپٹل کو منتقل کیا جائے گا ۔ لیکن ایسی کسی بھی خبر کو مسترد کردیا گیا تھا لیکن اب جبکہ وہ کراچی کے مختصر دورہ پر روانہ ہورہے ہیں تو وہ شاید چیک اپ کے لئے شفا ہاسپٹل بھی جائیں گے ۔