مشرف اور زرداری کے اثاثہ جات کی تفصیلات سپریم کورٹ کو مطلوب

اسلام آباد۔ 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی سپریم کورٹ نے سابق صدور پرویز مشرف اور آصف علی زرداری کے اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ وہ ایک مقدمہ کی سماعت کررہی تھی جس میں متنازعہ قومی مفاہمت آرڈیننس کے نتیجہ میں ملک کو پہونچنے والے نقصانات کی سابق صدور سے پابجائی کی گزارش کی گئی تھی۔ سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ تمام مدعی اپنی جائیداد کی جو بیرون ملک ہے ، اور غیرملکی بینک کھاتوں اور کمپنیوں کے حصص کی تفصیلات پر مبنی ایک حلف نامہ عدالت میں پیش کریں۔کثیر الاشاعت روزنامہ ’’ڈان‘‘ نے اس کا انکشاف کیا۔ این آر او نے اکتوبر 2007ء میں اُس وقت کی حکومت کا مدون کردہ ایک قانون جاری کیا تھا جبکہ مشرف پاکستان کے صدر تھے۔ اس آرڈیننس کے تحت سیاست دانوں کے خلاف مقدمات منسوخ کردیئے گئے تھے جس سے ان کی وطن واپسی کی راہ ہموار ہوئی تھی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے یہ بھی حکم دیا کہ سابق اٹارنی جنرل ملک قیوم اثاثہ جات کی تفصیلات پیش کریں۔ تین رکنی بینچ چیف جسٹس کی زیرقیادت قائم ہے جو اس مقدمہ کی سماعت کررہی ہے۔