مشترکہ خاندان اور موجودہ زمانہ

شادی کے بعد لڑکا ‘ لڑکی عموماً علحدہ رہنے کو ترجیح دیتے ہیں تاکہ گھر والے ان کی زندگی میں مداخلت نہ کرپائیں ۔ خصوصاً لڑکیاں تو سسرال والوں کا سایہ بھی برداشت کرنے کی روادار نہیں ہوتیں ۔ تاہم ایمانداری سے اگر صورتحال کا تجزیہ کیا جائے تو ایک ساتھ رہنے میں تھوڑی بہت کھٹ پٹ کا امکان بہرحال موجود رہتا ہے ، لیکن مل جل کر رہنے کے فائدے اس قدر ہیں کہ جنہیں نظرانداز کرنا کسی طورپر مناسب نہیں ۔ خاندان کی تشکیل میں عورت کا کردار بیحد اہم ہے کیونکہ یہ فیصلہ عموماً اسی کا ہوتا ہے ۔ اس ضمن میں مختلف خواتین کے مختلف تجربات ہیں لیکن جوائنٹ فیملی کی اہمیت سے کسی کو انکار نہیں ۔ جوائنٹ فیملی میں رہنے والے جوڑوں میں علحدگی کا رجحان نسبتاً کم پایا جاتا ہے ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کے گھروں میں بڑے بوڑھے موجود ہوتے ہیں جو زندگی کے ہر مرحلے پر ان کی درست رہنمائی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ تاہم یہ کوئی فارمولا نہیں کیونکہ زندگی کے بارے میں ہر فرد کا تجربہ مختلف ہوتا ہے ۔