مشتبہ حالت میں خنجر کے ساتھ گشت کرنے کا شاخسانہ

اقدام قتل ، اغواء ، رہزنی اور سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ، ڈمرو واجد گرفتار
حیدرآباد یکم / ستمبر ( سیاست نیوز ) اقدام قتل اغواء اور رہزنی و سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ڈمرو واجد کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ گولکنڈہ پولیس نے شیخ واجد کو اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ مشتبہ حالت میں خنجر کے ساتھ گشت کر رہا تھا ۔ واجد کئی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے اور وہ حالیہ دنوں گرفتار بھی ہوا تھا ۔ سب انسپکٹر کرائم محمد معظم غوری نے بتایا کہ اے سی پی آصف نگر کی خصوصی ہدایت پر جرائم پیشہ افراد کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے اور اس اقدام کے دوران پولیس نے واجد کو گرفتار کرلیا ۔ 26 سالہ شیخ واجد عرف چور واجد عرف ڈمرو واجد لنگر حوض پولیس اسٹیشن کا روڈی شیٹر ہے جو ٹولی چوکی کے علاقہ محمدی لائین میں رہتا ہے ۔ پیشہ سے ڈرائیور اور کلینر کا کام کرنے والے ڈمرو واجد پر حالیہ دنوں اقدام قتل اور اغواء کے معاملہ میں ملوث ہونے کا الزام ہے اور پولیس گذشتہ کئی دنوں سے اس کی مجرمانہ سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے تھی اور شہر کے حالات کو دیکھتے ہوئے سخت اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ پولیس نے ڈمرو واجد کے قبضہ سے 20 سیل فون اور ساڑے تین تولہ طلائی زیورات اور خنجر کو ضبط کرتے ہوئے اسے عدالتی تحویل میں دے دیا ۔ اس کارروائی کے وقت انسپکٹر گولکنڈہ محمد منور ایڈیشنل انسپکٹر انیل کمار کرائم پارٹی کے انصاری و دیگر موجود تھے ۔