مسلم تحفظات کیلئے ڈاکٹر قائم خان کا 26 سال قبل نعرہ

سابقہ صدر ایم بی ٹی کی یاد میں جلسہ، مجیداللہ خان فرحت اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔12مارچ(سیاست نیوز) مجلس بچائو تحریک کے مرحوم صدر ڈاکٹر قائم خان 1992میں مسلم تحفظات کا نعرہ لگانے والے ملک کے اولین شخصیت تھے‘ آج سارے ملک میںخود ساختہ سیکولر جماعتیں مسلمانوں کو اپنا حمایتی بنانے کے لئے سماجی مساوات کانعرہ لگارہے ہیں اور دلت مسلم اتحاد کو پروان چڑھانے کی با ت کررہے ہیںمگر ڈاکٹر قائم خان مرحوم نے 26 سال قبل مسلم ریزرویشن فرنٹ کا قیام عمل میںلاتے ہوئے نہ صرف مسلمانوں میں تحفظات کے متعلق شعور بیداری مہم چلائی بلکہ دلت مسلم اتحاد کے نعرے نے ملک کے تمام سیاسی حلقوں میںایک ہنگامہ برپا کردیاتھا۔ مسلم تحفظات کے متعلق ڈاکٹر قائم خان مرحوم کی تحریک کے دوران مسلمانوں کی قیادت کے دعوے کرنے والے سیاسی قائدین نے بھی اس وقت مسلم تحفظات کی مخالفت کی تھی۔غازی ملت کالونی میں ڈاکٹر قائم خان مرحوم کی یاد میںمنعقدہ تعزیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے جناب مجید اللہ خان فرحت صدر تحریک نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ جناب نصیر الدین کی قرأت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔ ترجمان مجلس بچائو تحریک امجد اللہ خان خالد‘جنرل سکریٹری جناب مصطفیٰ محمود‘ تحریک کے سینئر قائدین الحاج سید طاہر‘ اجمل الدین فاروقی‘ الطاف نصیب خان‘ راشد ہاشمی‘ خواجہ پاشاہ نے بھی خطاب کیا۔ جناب مجید اللہ خان فرحت نے کہاکہ ڈاکٹر قائم خان مرحوم نے انتخابات میں ہارجیت کی پرواہ کئے بغیرنہ صرف انتخابی میدان میںاتر کر مقابلہ کیا بلکہ شکست کے بعد بھی عوام کے درمیان میںرہتے ہوئے ان کے مسائل کی یکسوئی کے لئے جدوجہدکرتے رہے۔ مرحوم قائم خان نے صرف عوام کے لئے اپنی پوری زندگی صرف کردی بلکہ وہ غازی ملت الحاج محمد امان اللہ خان مرحوم کے انتقال کے بعد بڑے بھائی کی حیثیت سے انہوں نے بخوبی اپنی ذمہ داریاں بھی نبھائی۔ جناب مجید اللہ خان فرحت نے کہاکہ ڈاکٹر قائم خان مرحوم کے انتقال کے بعد ہمیں ان کے متعلق ایسے جانکاریاں ملی جس سے ہم ناواقف تھے۔ جناب مجید اللہ خان فرحت نے کہاکہ تحریک اپنے مرحوم قائدین کے ادھورے مشن کو پورا کریگی اور نہ صرف اسمبلی حلقہ چندرا ئن گٹہ بلکہ یاقوت پورہ‘ چارمینار‘ بہادر پورہ کے علاوہ اضلاع سے بھی2019کے الیکشن میںکامیابی حاصل کریگی۔