مسلم تحفظات پر آرمور میں 6مارچ کو جلسہ

تحفظات ایکشن کمیٹی کے ذمہ داروں کا بیان

آرمور۔/28فبروری ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آرمور میں حصول 12فیصد تحفظات کیلئے 6مارچ کو جلسہ منعقد ہوگا۔ حصول تحفظات کے جلسہ کیلئے جو کُل جماعتی ہے اس میں تمام اپوزیشن پارٹیاں اور مسلم مذہبی جماعتیں ، مسلم مرکزی کمیٹی شامل ہے اور ان کی تائید حاصل ہے۔ اس طرح تحفظات اڈھاک کمیٹی کے ڈیویژن صدر محمد حبیب الدین کی نگرانی میں اس حصول تحفظات کے جلسہ کے مقام سعیدآباد اردو گھر شادی خانہ آرمور کا دورہ کیا گیا اور یہاں پر جلسہ کے ضمن میں کمیٹی کے قائدین نے مختلف مشورے دیئے۔ اس موقع پر حصول 12فیصد مسلم تحفظات ڈیویژن صدر محمد حبیب الدین نائب صدر محمد سلیم نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ٹی آر ایس حکومت اپنے انتخابی منشور میں مسلم مائناریٹیز کو 12فیصد تحفظات دینے کا اعلان کیا اور حکومت میں آنے کے بعد اپنے وعدہ سے منحرف ہوگئی ہے۔ حالانکہ اقتدار میں آنے کے بعد چار ماہ کے اندر تحفظات دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن اقتدار میں آکر تقریباً 2سال کا عرصہ ہوچکا ہے لیکن ابھی تک اس کو عملی جامہ نہیں پہنایا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جلد ریزرویشن کو عمل میں لاتے ہوئے مسلمانوں کے ساتھ انصاف کریں تاکہ مسلمانوں کو سرکاری ملازمتوں میں ان کا حق ملے ورنہ ٹی آر ایس حکومت سے عوام کا بھروسہ ختم ہوجائے گا۔ اس موقع پر تحفظات ایکشن کمیٹی کے ڈیویژن صدر محمد حبیب الدین، اڈوائزر محمد سمیر احمد، عثمان علی حضرمی، عبدالجبار ( جماعت اسلامی ) جنرل سکریٹری نائب صدر محمد سلیم، خازن محمد سلیم احمد کے علاوہ دیگر موجود تھے۔