مسلم اکثریتی حلقہ مدنپلی پر وائی ایس آر کانگریس کی نظر

مدنپلی۔یکم جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر جگن موہن ریڈی کا ضلع چتور کا دوسرا دورہ کامیاب رہا۔ پہلے دور میں چندرا بابو نائیڈو کے حلقہ اسمبلی کپم میں جگن موہن ریڈی نے متحدہ ریاست آندھرا پردیش کے مطالبہ کے ساتھ شروع کیا اور تلگودیشم و کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے اپنی پارٹی وائی ایس آر کانگریس کو اقتدار میں لانے کی گذارش کی تھی۔ اسی طرح گذشتہ ایک ہفتہ سے دوسرے مرحلہ کے تحت پلمنیر، پنگنور اور مدنپلی اسمبلی حلقوں کا دورہ کیا۔ بروز منگل مدن پلی میں جلسہ عام کا اہتمام کیا گیا اس جلسہ کی کامیابی کیلئے مدن پلی کے پارٹی قائدین نے ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کی کوشش کی۔ شہر بھر میں بیانرس لگائے گئے اور یہ بیانرس شہر سے باہر تقریباً دس کلو میٹر دوری سے بھی نظر آنے لگے۔

شہر مدن پلی میں مسلم اقلیت کی اکثریت کو مدنظر رکھتے ہوئے گزشتہ انتخابات میں مسلم امیدوار کو موقع دیا گیا تھا اور شاہ جہاں باشاہ کی کامیابی سے حلقہ اسمبلی مدن پلی کو ایک منفرد مقام حاصل ہوا۔ تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس اور بی جے پی بھی حلقہ اسمبلی مدن پلی سے مسلم اقلیت کے امیدوار کی تلاش میں ہیں۔ وائی ایس آر کانگریس کے جلسہ عام کے بیانرس بھی صرف مسلم اقلیتوں نے ہی لگائے تھے۔ سابق بلدیہ چیرمین محترمہ شمیم اسلم، حاجی اختر احمد، باب جان، پی ایس خان،ایم ایل سی ڈاکٹر تپا ریڈی کے علاوہ کسی اور قائد کے بیانرس دکھائی نہیں دیئے۔ مدن پلی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے جگن موہن ریڈی نے کہا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی اپنے فرزند کو وزیر اعظم کی کرسی پر بٹھانے کیلئے متحدہ ریاست کو ٹکڑوں میں بانٹ رہی ہیں۔

آخر میں انہوں نے متحدہ آندھرا پردیش کا نعرہ لگاتے ہوئے اپنی تقریر ختم کی۔ وائی ایس آر کانگریس کی قائد شمیم اسلم نے جلسہ عام میں جگن موہن ریڈی کو ٹوپی پیش کی جس کو پہن کر انہوں نے مسلم اقلیتوں کو خوش کیا۔ جلسہ عام کو آنے سے قبل انہوں نے بستی کنڈہ میں واقع بابا ابدال حسینیؒ کی درگاہ شریف میں حاضری دی اور منتظمین درگاہ شریف نے جگن موہن ریڈی کی شال پوشی کی۔ جگن موہن ریڈی کے دورہ سے وائی ایس آر کانگریس کیڈر میں نیا جوش پیدا ہوگیا ہے۔جگن موہن ریڈی مدن پلی کے جلسہ کے اختتام پر بنگلور روانہ ہوگئے۔ جلسہ عام میں تروپتی کے روکن اسمبلی کروناکر ریڈی، سابق ارکان اسمبلی پروین کمار ریڈی، رام چندرا ریڈی، ایم ایل سی تپا ریڈی، ضلع کنوینر نارائن سوامی، بھاسکر ریڈی، راجم پیٹ حلقہ پارلیمان کے انچارج متھن ریڈی، شمیم اسلم، باب جان، اختر احمد کے علاوہ دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ کانگریس سیوا دل کے صدر کریم اللہ نے وائی ایس آر کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔