مسلمان ثابت قدمی کیساتھ سنت ابراہیمیؑ پر عمل کریں:مسلم کونسل

نئی دہلی31اگست (سیاست ڈاٹ کام )مسلم انڈین کونسل کے چیئرمین انیس درّانی نے مسلمانان ہند کو حجّ اور عید الاضحی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان سے نہایت ثابت قدمی کے ساتھ سنت ابراہیمی پر عمل کرنے کی درخواست کی ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اترپردیش ،بہار ،جھارکھنڈ اور راجستھان میں شر پسند جماعتوں سے تعلق رکھنے عناصر اس اہم عبادت میں خلل ڈالنے کی کوشش کرسکتے ہیں اس لئے بہت ہو شیار رہنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ جن صوبوں میں گائے کے ذبح پر پابندی ہے وہاں مسلمان مشترکہ طور پر نظر رکھیں کہ کوئی شخص گائے کی قربانی نہ کرے ۔ انہوں نے بیل اور بھینس کی قربانی کے تعلق سے چند ہدایتیں بھی دیں پہلی تو یہ کہ چھوٹے اور درمیانی گاؤں میں بڑے جانور کی قربانی الگ الگ نہ کریں بلکہ آبادی کے لحاظ سے دوچار مقامات طے کر لیں اور سب انہی مقامات پر قربانی کریں تا کہ وہاں مسلمان معقول تعداد موجودرہیں اور شرپسندوں کو خلل ڈالنے کا حوصلہ نہ ہو۔ قصبات اور بڑے گاؤں میں بھی اگر چہار دیواری والے مکانات ہوں تو وہاں ذبح کریں اور دوسرے مسلمانوں کو بھی اس چہار دیواری میں قربانی کی اجازت دیں۔