مسلمان بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں: ہریش راؤ

تعلیم کے ذریعہ تابناک مستقبل یقینی، غریبوں میں رمضان گفٹ پیاکٹس کی تقسیم
حیدرآباد ۔ 28۔ مئی (سیاست نیوز) سابق وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں کیونکہ سماج میں دیگر طبقات کے مساوی ترقی کے لئے تعلیم ضروری ہے۔ اقلیتیں تعلیم کے میدان میں دیگر طبقات سے پسماندہ ہیں اور ٹی آر ایس حکومت نے تعلیمی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے اقامتی اسکولوں کا قیام عمل میں لایا۔ ہریش راؤ سدی پیٹ میں غریب مسلم خاندانوں میں حکومت کی جانب سے رمضان گفٹ پیاکٹس تقسیم کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں تین لاکھ غریب خاندانوں میں گفٹ پیاکٹس تقسیم کئے جارہے ہیں۔ ہریش راؤ نے کی جانب سے 31 مئی کو دعوت افطار کی تیاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ہر عید اور تہوار کے موقع پر غریبوں کو نئے ملبوسات میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ کرسمس اور دیگر تہواروں کے موقع پر بھی گفٹ پیاکٹس کی تقسیم عمل میں لائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں 300 انگلش میڈیم اقلیتی اقامتی اسکولس کا قیام عمل میں آیا ۔ بہتر تعلیم کے ذریعہ ہی مستقبل کو تابناک کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں میں عنقریب ڈبل بیڈروم مکانات کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ سدی پیٹ کو کلین اینڈ گرین سٹی میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں جس کے لئے عوام کا تعاون ضروری ہے۔ رکن قانون ساز کونسل فاروق حسین اور دیگر قائدین اس موقع پر موجود تھے ۔