’’مسلمان ، ملک کے کرایہ دار نہیں ، حقدار ہیں ‘‘

یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کی کوششوں کی مذمت ، ظہیرآباد میں جمعیتہ العلماء کا جلسہ ، حافظ پیر شبیر احمد ، جناب حامد محمد خاں اور دیگر کا خطاب

ظہیرآباد۔ 31 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدر جمعیتہ العلماء تلنگانہ و آندھرا پردیش حافظ پیر شبیر احمد نے یہاں حرا فاؤنڈیشن اسکول کے احاطہ میں جمعیتہ العلماء شاخ ظہیرآباد کے زیراہتمام تحفظ شریعت و جمہوریت کے زیرعنوان منعقدہ کل جماعتی اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات کا تقاضہ یہی ہے کہ ملک کے مسلمان اپنے مسلکی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک جٹ ہوکر ان تمام طاقتوں کے خلاف صف آراء ہوجائیں جو ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو سبوتاج کرنے اور یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کے ذریعہ شریعت محمدیؐ میں مداخلت کرنے کے درپے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’مسلمان ہندوستان کے کرایہ دار نہیں بلکہ حقدار ہیں۔ ملک کے آئین نے نہ صرف ملک کے تمام شہریوں کو مساویانہ حقوق عطائے کئے ہیں بلکہ مذہبی آزادی کا بھی حق دیا ہے۔ اب جبکہ مرکزی حکومت شریعت محمدیؐ کے ایک جز لاینفک ’’طلاق ثلاثہ‘‘ پر پابندی عائد کرتے ہوئے شریعت محمدیؐ میں مداخلت کرنے کی کوششوں میں مصروف ہوگئی ہے۔ ایسے میں جمعیتہ العلماء ہند نے ملک کی دیگر مذہبی تنظیموں کے ساتھ مل کر ان مذموم کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے منظم انداز میں تحریک چلا رہی ہے۔ انہوں نے دیگر ابنائے وطن کے ساتھ پیار و محبت کے ماحول میں اپنے تعلقات کو استوار کرنے کی تلقین کی۔ امیر جماعت اسلامی ہند تلنگانہ و اُڈیشہ مولانا حامد محمد خان نے کہا کہ ہمارا ملک ہمہ لسانی، ہمہ مذہبی اور ہمہ تہذیبی ملک ہے۔ اس ملک کو ایک مذہب ، ایک زبان اور ایک تہذیب پر عمل آوری کے لئے ملک کے مختلف مذاہب کے ماننے کو پابند نہیں بنایا جاسکتا، لیکن یہ امر انتہائی بدبختانہ ہے کہ ملک کی بعض تنظیمیں خود کو دستور سے بالاتر سمجھتے ہوئے ایسے کام کرنا چاہتی ہیں جس کی دستور اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے مرکزی حکومت کی جانب سے یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کی کوششوں کی مذمت کی اور کہا کہ ایسی کوششیں کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہوسکتیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ مرکزی حکومت اپنی مخالف عوام پالیسیوں کے باعث انتشار کا شکار ہوجائے گی۔ فضیلت الشیخ محمد ارشد بشیر مدنی ترجمان اہل حدیث نے قرآن کا ترجمہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان کسی بھی صورت میں دہشت گرد نہیں ہوسکتا۔ میڈیا کے ذریعہ مسلمانوں کے تعلق سے جو باتیں پھیلائی جارہی ہیں، وہ حقیقت سے بعید ہیں۔ مولانا ولی اللہ قاسمی صدر جمعیتہ العلماء نظام آباد نے ملک کی آزادی میں مسلمانوں کے کردار پر روشنی ڈالی۔ مولانا قاضی محمد سمیع الدین قاسمی صدر جمعیتہ العلماء ضلع سنگاریڈی نے اپنے افتتاحی کلمات میں جمعیت کا تعارف پیش کیا۔ اجلاس کا آغاز حافظ محمد جنید امام و خطیب مسجد عرفات کی قرأت کلام حکیم سے ہوا جبکہ حافظ محمد رفیق احمد نے بارگاہ رسالت مآب میں نعت رسولؐ کا نذرانہ پیش کیا۔ مفتی محمد عبدالصبور نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ مولانا محمد مدثر دیشمکھ کے شکریہ پر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر مقامی علماء کرام مولانا عتیق احمد قاسمی، مولانا عبدالمجیب قاسمی، مفتی عبدالخلیل، مولانا حمایت علی رشادی، مولانا ارشد علی، محمد ناظم الدین غوری امیر جماعت اسلامی ظہیرآباد، محمد عبدالقدیر، محمد اکبر، محمد شکیل، نورالحسن غوری، محمد اقبال، محمد ایوب اور دوسرے موجود تھے۔