مسلمانوں کے ساتھ کے سی آر کے نازیبا ریمارکس کی مذمت

کارگزار چیف منسٹر تلنگانہ پر غیر شائستہ لب و لہجہ استعمال کرنے کا الزام : محمد اظہر الدین
حیدرآباد ۔ 30 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ و سابق رکن پارلیمنٹ محمد اظہر الدین نے 12 فیصد مسلم تحفظات کے وعدے پر سوال کرنے والے مسلم نوجوان کے خلاف کارگزار چیف منسٹر کے سی آر کے توہین آمیز ریمارکس کی سخت مذمت کرتے ہوئے کے سی آر کو سارے مسلمانوں سے معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ کیا اور عوامی محاذ کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر صدر آل انڈیا کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ ندیم جاوید سکریٹری اے آئی سی سی وی ہنمنت راؤ سکریٹری انچارج تلنگانہ سلیم احمد ، صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل ، جنرل سکریٹریز ایس کے افضل الدین ، سید عظمت اللہ سہیل ، محمد فہیم اور دوسرے موجود تھے ۔ محمد اظہر الدین نے کہا کہ ایک کارگزار چیف منسٹر کو تھرڈ کلاس بات کرنا زیب نہیں دیتا ۔ کے سی آر نے اپنے ریمارکس سے ظاہر کردیا کہ وہ بے کار ہیں ۔ محمد اظہر الدین نے کہا کہ مسلمانوں کی تائید حاصل کرنے کے لیے 2014 میں کے سی آر نے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ جب ٹی آر ایس کا ہی کارکن جلسہ عام میں کے سی آر سے 12 فیصد مسلم تحفظات کے بارے میں سوال کررہا ہے تو اندازہ کرلینا چاہئے کہ وعدے کی عدم تکمیل پر مسلمانوں میں ٹی آر ایس اور کے سی آر کے خلاف کتنی ناراضگی اور مایوسی پائی جاتی ہے ۔ ماں باپ کا نام لے کر کسی پر غصہ اتارنا انتہائی غلط بات ہے ۔ کارگزار چیف منسٹر اپنے غیر پارلیمانی الفاظ سے فوری دستبرداری اختیار کرلیں اور سارے مسلمانوں سے غیر مشروط معذرت خواہی کریں اور وعدے کے مطابق مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کریں ۔ تب تک مسلمان ٹی آر ایس کا پیچھا کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شادی مبارک اسکیم کی چیکس کافی تاخیر سے جاری کرنے کی شکایتیں وصول ہورہی ہیں ۔ اظہر الدین نے انہیں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا ورکنگ پریسیڈنٹ نامزد کرنے پر کانگریس کے قومی صدر راہول گاندھی ، سکریٹری انچارج تلنگانہ کانگریس امور سلیم احمد صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی سے اظہار تشکر کیا اور اپنی ذمہ داری بخوبی نبھانے کا وعدہ کرتے ہوئے تلنگانہ میں پارٹی کے لیے انتخابی مہم چلانے کا اعلان کیا ۔ کانگریس کے تمام قائدین کو متحد ہونے اور پیپلز فرنٹ کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ پرانے شہر میں بھی انتخابی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ۔ پارلیمنٹ کے انتخابات میں مقابلہ کرنے کے سوال پر محمد اظہر الدین نے کہا کہ انہوں نے حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے مقابلہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے تاہم پارٹی ہائی کمان کا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ اس کو قبول کریں گے ۔۔