مسلمانوں کو کتاب و سنت کے مطابق عقائد درست کرنے کا مشورہ

توہمات کی اسلام میں کوئی حقیقت نہیں، جامع مسجد محمدی میں جلسہ، مفتی محمد مستان علی کا خطاب
حیدرآباد 5 ڈسمبر (راست) جامع مسجد محمدی ساؤتھ لالہ گوڑہ سکندرآباد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد مستان علی قادری ناظم اعلیٰ جامعۃ المؤمنات نے کہاکہ موجودہ دور کے بہت سے مسلم گھرانے خرافات، غلط رسومات اور توہمات کے جال میں پھنسے ہوئے ہیں۔ شادی سے متعلق بھی بہت سے توہمات ہیں جیسے شادی کی تاریخ طے ہونے کے بعد دولہا دلہن کو شہر کے باہر سفر کرنے سے روک دیا جاتا ہے۔ ماہ صفر کے متعلق توہمات کی اسلام میں کوئی حقیقت نہیں۔ بعض لوگ جو دینی تعلیمات سے بالکل ناواقف ہیں، ماہ صفر کو منحوس سمجھتے ہیں۔ اس میں شادی بیاہ اور اچھے کام کی ابتداء، کاروبار میں ترقی کے اقدامات اور خوشی و مسرت کی تقاریب جیسے اُمور سے اجتناب کرتے ہیں جوکہ درست نہیں ہے۔ ہر مہینہ اللہ کا ہے، ہر دن اللہ کا ہے، ہر وقت اللہ کا ہے۔ مفتی محمد مستان علی نے مزید کہاکہ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ اگر کوئی سفر کے ارادہ سے نکلا اور اس وقت چھینک آجائے تو اسے راستہ سے واپس آجانا چاہئے اور اس کا سفر کامیاب نہ ہوگا۔ یہ سب عقائد باطل ہیں، اسلام میں اس کا کوئی تصور نہیں۔ بعض خواتین کا خیال ہے کہ رات کے بارہ بجے بچے کو جھولے میں نہیں لٹانا چاہئے اور تصور کرتے ہیں کہ وہ بھوت پریت سے متاثر ہوں گے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم کتاب و سنت کی تعلیمات سے آراستہ ہوکر اپنے عقائد کو درست کریں اور لوگوں کو یہ بتائیں کہ تمام چیزوں کا اختیار اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔ بدشگونی بعض انسانوں کی طبیعت میں داخل ہوتی ہے جو کسی میں کم اور کسی میں زیادہ ہوتی ہے اس کا سب سے بہترین علاج اللہ پر توکل اور اعتماد ہے اس سے بچنے کیلئے حضور ﷺ نے کئی دعائیں بتائے ہیں۔