مسلمانوں کو تاریخ اسلام سے واقف کروانے تلگو زبان کااوّلین ٹی وی چیانل اسپھورتی کا آغاز

20 اضلاع میں ٹیلی کاسٹ ، منتظم چیانل برادر آصف الدین احمد اور دیگر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/29 مارچ(سیاست نیوز) اسلامک اکیڈیمی آف کمپیریٹیو اسٹڈیز نے دعوۃ و اصلاح کے میدان میں ایک اور سنگ میل پار کرتے ہوئے تلگو زبان کے اولین اسلامی ٹیلی ویژن چیانل (کیبل) ’’اسپھورتی‘‘ کا آغاز کیا ہے جو ریاست کے تقریباً 20 اضلاع میں ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔ افتتاحی تقریب کا آغاز انتہائی سادگی سے قاری عبدالقیوم شاکر کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس موقع پر چیانل کے منتظم برادر آصف الدین محمد نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے 75 فیصد سے زائد مسلمان اردو زبان پڑھ اور لکھ نہیں سکتے ہیں۔ بدنصیبی سے وہ اپنی مادری زبان سے دور ہوتے جارہے ہیں۔ اسی لئے ہم نے تلگو زبان میں اسلامی چیانل کا آغاز کرنے کی پہل کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں 30-40 چیانلس تلگو زبان میں ٹیلی کاسٹ ہوتے ہیں جن پر ایک خاص مذہب کو اہمیت دی جاتی ہے۔ اسی طرح عیسایت کی تبلیغ کے لئے 7 مخصوص چیانلس ہیں تاہم تقریباً تمام چیانلس پر ایک گھنٹہ عیسائیت کی تبلیغ کے لئے مخصوص ہے۔ انہوں نے کہا کہ باطل عقائد کی ترویج و اشاعت کے لئے عصری وسائل کا بھرپور استعمال کیا جارہا ہے جبکہ سیما آندھرا علاقوں میں مسلمان، دین کی تعلیمات سے دوری کے نتیجہ میں ارتداد کا شکار ہورہے ہیں۔ چند برس قبل ہم نے ذرائع ابلاغ کے تعاون سے ایک سروے کروایا تھا اور ہمارے مشاہدے میں جو باتیں آئی ہیں وہ ہماری فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔ برادر آصف الدین محمد نے مزید بتایا کہ ہم اس چیانل کے ذریعہ ان لوگوں تک پہنچنے کی کوشش کررہے ہیں جو شرکیہ و عریانیت والے پروگرام دیکھتے ہیں۔ ہماری کوشش ہوگی کہ ناظرین کے رجحان میں دینداری آجائے۔ ہم اپنے ٹیلی ویژن کے ذریعہ مسلمانوں میں ایک جذبہ پیدا کرنا چاہتے ہیں کہ وہ اسلام اور اپنے مسلمان ہونے پر فخر محسوس کریں۔ مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد تاریخ اسلام سے واقف نہیں ہیں۔ ہم اس ٹیلی ویژن کے ذریعہ امت مسلمہ کے مختلف میدانوں میں انجام دئیے گئے کارہائے نمایاں سے آگاہ کیا جائے گا۔ اس چیانل کو ڈاکیومنٹریز اور انٹرویوز کے ذریعہ دلچسپ اور معلومات آفریں بنائیں گے۔