مسلمانوں اور دلتوں کے خلاف مظالم پر اظہار تشویش

سیول سوسائٹی کے احتجاج کی حمایت و تائید ، محمد علی شبیر کا شدید ردعمل
حیدرآباد ۔ 29۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل میں قائد اپوزیشن محمد علی شبیر نے ملک میں مسلمانوں اور دلتوں کے خلاف مظالم کے واقعات میں اضافہ اور بے قصور افراد کی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے ملک میں ہلاکتوں کے واقعات کے خلاف سیول سوسائٹی کی جانب سے کئے گئے احتجاج کی مکمل تائید کی ۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ اخلاق کی ہلاکت کے بعد سے اس سلسلہ کا آغاز ہوا اور جانوروں کے نام پر مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے ہریانہ میں جنید نامی نوجوان کی ہلاکت کو ملک کیلئے شرمناک قرار دیا اور کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو ان واقعات کی برائے نام مذمت کے بجائے خاطیوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے ۔ محمد علی شبیر نے افسوس کا اظہار کیا کہ نریندر مودی زبانی طور پر افسوس کا ا ظہار کر رہے ہیں لیکن ہلاکتوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لیتا۔ سنگھ پر یوار اور اس کی تنظیموں کے کارکنوں پر حکومت کا کوئی خوف نہیں ہے اور مرکزی حکومت کا رویہ بھی معنی خیز ہے ۔ مرکز نے آج تک اس طرح کے واقعات کے سلسلہ میں مداخلت کرتے ہوئے کوئی کارروائی نہیں کی۔ جھارکھنڈ میں گزشتہ دنوں مسلم خاندان پر حملہ کیا گیا لیکن مرکز نے اس بارے میں رپورٹ طلب نہیں کی۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ سیول سوسائٹی نے ملک بھر میں منفرد احتجاج کے ذریعہ عوام کو باشعور بنانے کی کوشش کی ہے ۔ جمہوریت میں احتجاج کا حق حاصل ہے اور سیول سوسائٹی قابل مبارکباد ہے کہ ا س نے سب سے پہلے انسانیت کے قتل کے خلاف آواز بلند کی۔ سیاسی جماعتوں کے احتجاج اور مذمت کو بی جے پی اور مرکزی حکومت سیاسی مقصد براری کے طور پر دیکھ رہی ہے ۔ ایسے میں سیول سوسائٹی نے اپنی ذمہ داری کی تکمیل کرتے ہوئے حکومت پر دباؤ بنانے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کے قتل کے خلاف سیاسی ، سماجی اور انسانی حقوق تنظیموں کو مشترکہ طور پر آواز اٹھانی چاہئے ۔ محمد علی شبیر نے بتایا کہ حیدرآباد کے مضافاتی علاقوں میں حالیہ اراضی اسکام کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کے وفد نے دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کا وقت لیا تھا لیکن کل لمحہ آخر میں راجناتھ سنگھ نے ملاقات سے انکار کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے دباؤ کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا کیونکہ کے سی آر اراضی اسکام کی سی بی آئی تحقیقات کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس چونکہ صدارتی انتخاب میں بی جے پی کے امیدوار رامناتھ کووند کی تا ئید کر رہی ہے ، لہذا کے سی آر کو خوش کرنے کیلئے اچھے خاصے صحتمند راجناتھ سنگھ بھی سیاسی طور پر بیمار ہوگئے۔