مسعود اظہر کو دہشت گرد قراردینے کی مخالفت سے پاکستان دستبردار ہوگا

جیش محمد کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دینے امریکہ ، برطانیہ ، فرانس کی تازہ تجویز پیش
اسلام آباد ۔ /3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل کی دہشت گرد فہرست میں جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دینے کے اقدام کو روکنے اور اس کی مخالفت کرنے سے دستبردار ہوگا ۔ اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل میں امریکہ ، برطانیہ اور فرانس نے مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کی تازہ تجویز پیش کی تھی ۔ اگر انہیں عالمی دہشت گرد قرار دیا گیا تو ان پر عالمی دورہ کرنے پر پابندی عائد ہوگی اور ان کے اثاثہ جات ضبط کرلئے جائیں گے ۔ بڑے پالیسی فیصلے میں پاکستان تمام تنظیموں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے والا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ جیش محمد کے سربراہ پر بھی پابندی عائد کی جائے گی ۔ یہ واضح نہیں ہوا کہ پاکستان کی جانب سے مسعود اظہر کے خلاف کس نوعیت کی کارروائی کی جائے گی ۔ البتہ عہدیدار نے اشارہ دیا کہ پاکستان باقاعدہ طور پر مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کی مخالفت نہیں کرے گا ۔ سکیورٹی کونسل کی سینکشنس کمیٹی بھی آئندہ 10 دن کے اندر امریکہ ، برطانیہ اور فرانس کی جانب سے داخل کردہ تازہ تجویز کا جائزہ لیکر کوئی فیصلہ کرے گا ۔