مسعود اظہر پر سلامتی کونسل کے فیصلے کو نافذ کریں :گوٹیرس

اقوام متحدہ،2مئی (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستانی دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے سرغنہ مسعود اظہر پر سلامتی کونسل کے فیصلے پر کونسل کے سبھی ارکان ممالک عمل کریں گے جس میں اس کا نام ممنوعہ فہرست میں شامل کرتے ہوئے اس کے بینک کھاتے کو سیل کردیا گیا ہے اور اس کے غیر ملکی سفر پر پابندی لگادی گئی ہے ۔مسٹر گوٹیرس کے ترجمان اسٹیفن ڈاجرک نے اظہر کے خلاف سلامتی کونسل کی جانب سے چہارشنبہ کو کی گئی کارروائی کے ردعمل میں یہ بات کہی ہے ۔واضح رہے کہ مسٹر ڈاجرک نے کہا،‘‘جب سلامتی کونسل کے سبھی ملک مل کر کسی فیصلے پر متفق ہوں تو نتیجہ اچھا ہوتا ہے۔ ہمیں پوری امید ہے سلامتی کونسل کے سبھی ارکان ملک اس فیصلے کو عمل میں لائیں گے۔ مسٹر گوٹیرس نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں یہ اقوام متحدہ کے قدم کی ایک اہم کڑی ہے ۔