مسرت عالم پر عوامی سلامتی قانون کے اطلاق کو حق بجانب قرار دینا افسوسناک: عمر عبداﷲ

سرینگر ۔ 29 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نیشنل کانفرنس لیڈر عمر عبداﷲ نے آج حکمراں پارٹی پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی پر تنقید کی کہ انھوں نے علحدگی پسند حریت کانفرنس لیڈر مسرت عالم پر عوامی سلامتی قانون کے اطلاق کو حق بجانب قرار دیا ہے ۔ عمر عبداﷲ نے مائیکرو بلاگنگ سائیٹ پر لکھا ہے کہ جس محبوبہ مفتی نے ماضی میں عوامی سلامتی قانون (پی ایس اے) کے نفاذ کی مخالفت کی تھی اب اس قانون کی مدافعت کررہی ہیں۔ پی ڈی پی صدر نے ایک خانگی ٹی وی نیوز چیانل پر کل رات انٹرویو دیا تھا جس میں انھوں نے مسرت عالم کی گرفتاری اور ان پر متنازعہ قانون عوامی سلامتی کے اطلاق کو درست قرار دیا ہے ۔ ان کی حکومت کی کارکردگی اور فیصلہ کو وہ درست مان رہی ہیں جبکہ لشکر طیبہ کی دہشت گرد تنظیم کے سربراہ حافظ سعید کی حمایت کرنے پر کارروائی کی جاتی ہے ۔ اس سے جموں و کشمیر میں امن کی فضا مکدر ہوگی۔ محبوبہ مفتی جنھوں نے قبل ازیں عوامی سلامتی قانون کو جمہوریت کے ماتھے پر سیاہ داغ قرار دیا تھا اور اب واضح ہوجاتا ہے کہ وہ اپوزیشن لیڈر ہوتی ہیں تو ان کا موقف مختلف ہوتا ہے اور اقتدار میں ہوں تو رائے بدل جاتی ہے ۔