مسجد یکخانہ عنبر پیٹ کے سلسلہ میں بلدیہ اور وقف بورڈ سے رپورٹ طلب

پولیس تحویل میں تاجر کی موت پر کلکٹر ورنگل کو مکتوب، صدر نشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن کی کارروائی
حیدرآباد۔/18 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن نے مسجد یکخانہ عنبر پیٹ کی شہادت کے سلسلہ میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ سے رپورٹ طلب کی ہے۔ اس کے علاوہ ورنگل میں پولیس کی تحویل میں اتر پردیش کے تاجر کی ہلاکت کی شکایت پر ضلع کلکٹر ورنگل اور کمشنر ورنگل سے رپورٹ طلب کی گئی۔ مختلف تنظیموں کی جانب سے تلنگانہ اقلیتی کمیشن کے صدرنشین محمد قمر الدین سے نمائندگی کی گئی تھی۔ جس پر انہوں نے متعلقہ اداروں اور عہدیداروں سے رپورٹ طلب کرنے کا فیصلہ کیا۔ کمشنر گریٹر حیدرآباد کو روانہ کردہ مکتوب میں اقلیتی کمیشن نے مسجد اور عاشور خانہ کی اراضی کے حصول کے طریقہ کار اور وقف بورڈ کی اراضی کا پتہ چلنے کے باوجود معاوضہ کی ادائیگی کے بارے میں رپورٹ طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک حساس نوعیت کا مسئلہ ہے لہذا اسے بہتر انداز میں حل کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے وقف اراضی ہونے کے باوجود بلدیہ کی جانب سے اراضی کے حصول پر بورڈ کی خاموشی پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کلکٹر ورنگل کو مکتوب میں عبدالمنان نامی شخص کی 27 اپریل کو پولیس تحویل میں ہلاکت پر اندرون ایک ہفتہ رپورٹ روانہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اسی طرح کی ایک رپورٹ کمشنر ورنگل سے بھی طلب کی گئی۔ واضح رہے کہ مجلس بچاؤ تحریک ، کانگریس اور دیگر تنظیموں کی جانب سے اقلیتی کمیشن سے نمائندگی کرتے ہوئے مسجد یکخانہ کی شہادت اور ورنگل میں نوجوان کی پولیس تحویل میں موت پر کارروائی کی درخواست کی گئی۔