مسجد نانا باغ کی وقف اراضی کے رجسٹریشن و ریونیو ریکارڈ میں تحریف

اراضی رقبہ میں تخفیف ، 85 عمارتوں کو نوٹس کی اجرائی متوقع ، دلچسپ انکشافات کے بعد سی ای او کی خصوصی دلچسپی
حیدرآباد۔/31مارچ، ( سیاست نیوز) مسجد نانا باغ، بشیر باغ کی اوقافی اراضی کے سلسلہ میں بعض دلچسپ انکشافات منظر عام پر آئے ہیں۔ وقف بورڈ کی جانب سے اراضی سے متعلق ریونیو ریکارڈ کا جائزہ لینے پر پتہ چلا کہ رجسٹریشن اور ریونیو ریکارڈ میں باقاعدہ طور پر ہندسوں میں تحریف کرتے ہوئے اوقافی اراضی کے رقبہ کو کم کردیا گیا۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ جن کا تعلق ریونیو ڈپارٹمنٹ سے ہے انہوں نے رجسٹریشن اور ریونیو ریکارڈ حاصل کرتے ہوئے اس تحریف کا پتہ چلایا۔ بتایا جاتا ہے کہ اصل ریکارڈ میں 21 بیگھے اراضی کو وقف کئے جانے کا تذکرہ موجود ہے لیکن بعض عناصر نے اردو میں تحریر کردہ 21 کے ہندسہ کو 7 میں تبدیل کرتے ہوئے اسے صرف 7بیگھے اراضی بنادیا۔ وقف بورڈ اس ریکارڈ کی بنیاد پر 16ایکر اراضی کی بازیابی کی کوششوں کا آغاز کرچکا ہے۔ انڈومنٹ میں موجود ریکارڈ سے بھی وقف ریکارڈ کا تقابل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کیونکہ وقف سے متعلق کئی ریکارڈ انڈومنٹ میں موجود ہیں۔ وقف بورڈ میں 2 گزٹ  پائے گئے۔ ایک گزٹ 16ایکر سے متعلق ہے جبکہ دوسرا 5ایکر 7گنٹے کا ہے۔ دوسرے گزٹ کا منتخب بھی موجود ہے۔ ریکارڈ کے مطابق 1925میں یہ اراضی وقف کی گئی تھی۔ نواب لیاقت علی خاں اس اراضی کے واقف ہیں۔ وقف بورڈ نے 5ایکر 7 گنٹے اراضی کو پہلے مرحلہ میں حاصل کرنے کیلئے عمارتوں کی نشاندہی کرلی ہے اور 85عمارتیں اس رقبہ میں تعمیر کی گئیں جن کو بہت جلد نوٹسیں جاری کردی جائیں گی۔ سروے کے دوران پتہ چلا کہ اولڈ ایم ایل اے کوارٹرس کے پاس اس اراضی کی حد بندی کیلئے تعمیر کی گئی انتہائی قدیم دیوار آج بھی موجود ہے جس کے ذریعہ وقف اراضی کی حد بندی کا واضح ثبوت ملتا ہے۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ نے نوٹسوں کی اجرائی اور مزید سروے کیلئے پولیس سے تعاون کی خواہش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ موجودہ عمارتوں کے مالکین برسر اقتدار پارٹی سے رجوع ہوکر وقف بورڈ پر دباؤ بنارہے ہیں تاکہ انہیں نوٹس کی اجرائی سے روکا جاسکے۔ وقف بورڈ کا کہنا ہے کہ اس رقبہ پر موجود تمام عمارتوں کے مالکین کو وقف بورڈ کے کرایہ دار بننا ہوگا۔ ریونیو اور رجسٹریشن ریکارڈ میں تحریف کے معاملہ کی مزید جانچ کی جارہی ہے تاکہ 16ایکر سے متعلق ٹھوس دستاویزات حاصل کئے جاسکیں۔