مسجد حرام میں باران رحمت ، ماحول خوشگوار

مکۃ الملکرمہ ۔19 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) مسجد حرام ، حرم مکی اور اس کے مضافات میں ہفتے کے روز باران رحمت نے زائرین بیت اللہ کے چہروں کو ایک نئی تازگی بخش دی۔ حرم مکی اور اطراف میں گذشتہ روز ایک ایسے وقت میں ہلکی بارش ہوئی جب ماہ صیام کے موقع پر زائرین اورمعتمرین روحانی فیوض وبرکات سمیٹنے میں مصروف ہیں۔باران رحمت نازل ہوتے ہی اہل ایمان باہر نکل آئے اور انہوں نے سخت گرمی کے موسم میں باران رحمت کے نزول پر شکر خداوندی ادا کیا۔سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق معتمرین اور زائرین حرم مکی کو بارش کے ماحول کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے میں مگن ہوگئے۔ دوسری جانب حرمین شریفین کے انتظامی امور کے ادارے کی طرف سے بارش کے موقع پرمسجد حرام کے بیرونی مقامات کی صفائی یقینی بنانے کیلیے 2000 اضافی خدام تعینات کررکھے ہیں جو چوبیس گھنٹے کی بنیاد پرمسجد کی صفائی اور طہارت کو یقینی بنانے میں سرگرم ہیں۔ بارش کے دوران صحن مطاف کو صرف 30 منٹ کے اندر اندر صاف کرلیا جاتا ہے۔