مسافر بس میں آتشزدگی، 20 ہلاک

بنکاک ۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) میانمار کے 20 تارکین وطن ورکرس اس وقت ہلاک ہوگئے جب ایک بس جس میں وہ سوار تھے، آگ لگنے کی وجہ سے مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ حادثہ کے وقت بس تھائی لینڈ کی سرحد سے بنکاک جارہی تھی۔ اب تک آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ نہیں چلا ہے تاہم ٹیلیویژن فوٹیج سے یہ معلوم ہورہا ہیکہ مہیب آگ نے بس کو جلاکر خاکستر کردیا جبکہ تمام مسافرین بھی بس کے اندر پھنس گئے اور باہر نہ نکل سکے البتہ اس سانحہ میں زخمی ہونے والوں کی تعداد تین بتائی گئی ہے۔ دریں اثناء ٹاک صوبہ کے ایک بچاؤکاری ورکر کیتی ساک بونچن نے بتایا کہ حادثہ کے وقت بس میں 47 افراد سوار تھے جبکہ حادثہ رات 1:25 بجے رونما ہوا اور مسافرین اس وقت محوخواب تھے۔ اس حادثہ کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے جبکہ گذشتہ ہفتہ بھی ایک بس درخت سے جاٹکرائی تھی جس میں 18 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ بعدازاں بس ڈرائیور نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس نے منشیات کی بھاری مقدار استعمال کی تھی جس کی وجہ سے بس حادثہ کا شکار ہوئی۔