مساجد کی تعمیر و مرمت کیلئے فنڈس کا مطالبہ

نظا م آباد ۔30جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)صدر ضلع اقلیتی سیل کانگریس سمیر احمد کی قیادت میں ایک وفد نے جوائنٹ کلکٹر مسٹر رویندر ریڈی کو ایک میمورنڈم پیش کیا۔ جس میں بتایا گیا کہ مقدس ماہ رمضان المبارک کا آغاز ہوکر 11 دن گذر چکے ہیں لیکن امسال ضلع کے مساجد کے سلسلہ میںفنڈس منظور نہیں کیا گیا اور نہ ہی آج تک کوئی تعمیر و مرمت کے کاموں کا آغاز کیا گیا ۔ جس کی وجہ سے عامتہ المسلمین میں بے چینی پھیل گئی ہے۔ مسٹر سمیر احمد نے کہا کہ سال گذشتہ اس خصوص میں 50لاکھ روپئے فنڈس منظور کیا گیا تھا جس کو استعمال میں نہیں لایا گیا ۔ آرمور میونسپلٹی ایک سال قبل 15 لاکھ 50 ہزار روپئے کا فنڈ اس خصوص میں سابق اسپیکر مسٹر کے آر سریش ریڈی، عثمان حضرمی ریاستی کوآرڈنیٹر کانگریس مائناریٹی ڈپارٹمنٹ کی خصوصی دلچسپی کی وجہ منظور ہوا تھا لیکن متعلقہ تعمیری ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کیلئے متعلقہ عہدیدار وں نے کنٹراکٹرس سے معاہدہ نہیں کیا جس سے بلدی عہدیداروں کی لاپرواہی کا ثبوت ملتا ہے۔ آرمور عیدگاہ ( نظام آباد روڈ ) کیلئے 5لاکھ 4مساجد کیلئے فی کس ایک لاکھ روپئے ، عیدگاہ اہلحدیث زراعت نگر سے متعلقہ فنڈس کے عدم استعمال پر مسٹر سمیر احمد نے سخت احتجاج کیا ۔ جبکہ اس کیلئے 5لاکھ روپئے کے فنڈ کو دیگر کاموں پر خرچ کردیا گیا ۔ انہوں نے بلدیہ کے خاطی عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی ضرورت پر زوردیا ۔ جوائنٹ کلکٹر مسٹر رویندرریڈی نے فون پر میونسپل کمشنر آرمور میونسپلٹی کو حکم دیا ۔ اس خصوص میں اوقاف انسپکٹر عبدالقادرکو طلب کیا گیا تھا اور آرمور بلدیہ کمشنر کو اس خصوص میں فوری اقدامات کرکے رپورٹ دینے کی ہدایت دی گئی ۔ اس موقع پر مسرز محمد احمد خان وائس چیرمین اقلیتی سیل ، سید حبیب ضلع سکریٹری ، عبید حمدان ، سید اسلم اور دیگر موجود تھے۔