مسابقتی امتحانات کے ذریعہ سرکاری ملازمت کے حصول کے لیے سخت محنت کا مشورہ

ادارہ سیاست کے زیر اہتمام سمینار سے خواجہ تہور الدین کی مخاطبت
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : جو امیدوار سرکاری ملازمت کے حصول کے لیے پبلک سرویس کمیشن کے امتحانات میں شرکت کررہے ہیں ۔ ان کے لیے اپنی معلومات کو بڑھانا ضروری ہے ۔ یہ مسابقتی امتحان ہے اور مسابقتی امتحانات میں کامیابی سے اہم اعلیٰ سے اعلیٰ نشانات کا حصول اور ٹاپ پوزیشن حاصل کرنا ہوگا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب خواجہ تہور الدین اسٹیٹ کوآرڈینٹر تلنگانہ میناریٹی اسٹڈی سرکل نے یہاں ادارہ سیاست کے زیر اہتمام عابد علی خاں آئی ہاسپٹل دارالشفاء میں منعقدہ سمینار میں لکچر دیتے ہوئے کیا اور کہا کہ طالب علم اپنی تعلیمی قابلیت اور سند رکھتے ہیں لیکن ان میں جنرل اسٹیڈیز کی کمی ہوتی ہے ۔ اس کے لیے روزانہ اخبارات کا مطالعہ کریں ۔ مسابقتی امتحانات میں جس نوعیت کے سوالات پوچھے جاتے ہیں اس کے مطابق اپنی ذہنی صلاحیت کو بڑھائیں ۔ انہوں نے میناریٹی اسٹڈی سرکل کی کوچنگ سرگرمیوں کے حوالہ سے مسلم اقلیتی امیدواروں کو بھر پور استفادہ پر زور دیا ۔ مسٹر ایم اے حمید کیرئیر کونسلر روزنامہ سیاست نے امتحانات کے اقسام بتلاتے ہوئے اکیڈیمک ، انٹرنس اور رکروٹمنٹ ٹسٹ میں فرق اور ان کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی اور آج طالب علم کو مفید مشورہ دیا کہ وہ مقابلہ جاتی امتحان کے لیے ایسی تیاری کریں کہ ملازمت کا حصول ان کا نشانہ رہے ۔ سید خالد محی الدین اسد کوآرڈینٹر نے نظامت کے فرائض انجام دیئے اور آخر میں شکریہ ادا کیا ۔۔