مسئلہ کشمیر کا حل ڈھونڈنا لازمی : پاکستان

اسلام آباد ۔ 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صدر اور وزیراعظم نے آج کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت مسئلہ کشمیر کا حل ڈھونڈنا ضروری ہے تاکہ خطہ میں امن قائم ہوجائے۔ پاکستان کی قیادت میں اس کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک کے ساتھ مساوات کی اساس پر باہمی تعاون کو فروغ دینے کی اپیل خواہش کا اظہار بھی کیا۔ پاکستان 6 ستمبر کو یوم دفاع مناتا ہے جو ہندوستان کے ساتھ 1965ء کی جنگ کا سالانہ موقع ہوتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہم پر یقین رکھتا ہے اور اپنے تمام پڑوسیوں نیز ساری دنیا کے ساتھ مساویانہ اساس پر باہمی تعاون فروغ دینے کا خواہشمند ہے۔ سبکدوش ہونے والے صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے غیرمعمولی قومی اتحاد کا مظاہرہ کیا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے مسلح افواج کی بھرپور تائید و حمایت کی۔ ریڈیو پاکستان نے رپورٹ دی کہ صدر اور وزیراعظم نے اس موقع پر اپنے علحدہ پیامات میں زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کرنا چاہئے جو خطہ میں امن کیلئے ناگزیر ہے۔ جولائی میں اپنی فتح کی تقریب میں عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان ہندوستان کے ساتھ اپنے روابط بہتر بنانے تیار ہے اور ان کی حکومت چاہے گی کہ دونوں فریق کشمیر کے کلیدی مسئلہ کے بشمول تمام تنازعات کی یکسوئی کرلیں۔