مسئلہ کشمیر پر پاکستان کو ترکی کی تائید

اسلام آباد ۔14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے وزیرخارجہ میولوت کاوسغولو نے آج یہاں اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے بات چیت کے بعد کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہئے کہ مسئلہ کشمیر کی وہ پرامن طور پر یکسوئی کرے اور پرامن حل تلاش کرنے کیلئے پاکستان کی مساعی کی ترکی مکمل تائید کرے گا۔ دونوں قائدین نے اپنی بات چیت کے دوران اپنے باہمی اقتصادی و حکمت عملی کے تعلقات کو مزید فروغ دینے سے اتفاق کیا۔ کاوسغولو نے بعدازاں محمود قریشی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ترکی بھی اس نظریہ کا حامل ہے کہ اقوام متحدہ کی طرف سے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل کیا جانا چاہئے۔ ترکی کے وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ ’’(تنظیم اسلامی تعاون) کا گروپ جو اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پر تشکیل دیا گیا تھا پاکستان کے ساتھ رہے گا اور اس کو کامیاب بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کی پرامن یکسوئی کیلئے پاکستان کی مساعی کو ترکی کی تائید حاصل رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ میں علحدہ کانفرنس ہوگی۔ یہ ہر سال ہوتا ہے لیکن اس مرتبہ اجلاس کا انداز مختلف رہے گا کیونکہ اقوام متحدہ کی ایک نئی رپورٹ آئی ہے جس میں کشمیر پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کو ترکی کی تائید حاصل ہے۔