مزید 2070 گھر مغربی کنارہ پر تعمیر کرنے حکومت اسرائیل کی منظوری

مقبوضہ بیت المقدس ۔ 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل میں انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والی تنظیم السلام آلان نے بتایا ہیکہ اسرائیلی حکومت نے دریائے اردن کے مقبوضہ مغربی کنارے میں مزید 2070 گھر تعمیر کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ قبل ازیں اسرائیلی وزیردفاع آوی گیڈور لائبرمین نے کہا تھا کہ وہ غرب اردن میں مزید 2500 مکانات کی فوری تعمیر کی منظوری دینے کی تیاری کررہے ہیں۔ اسرائیلی اخبار ہارٹز نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہیکہ اسرائیلی سیول ایڈمنسٹریشن کی سپریم پلاننگ کونسل کفار ادومیم یہودی کالونی میں یہودی آبادکاروں کیلئے 92 نئے مکانات کی تعمیر کی منظوری دے چکی ہے۔ یہ یہودی کالونی خان الاحمر کے مقام سے صرف ایک کیلو میٹر دور ہے۔ خان الاحمر فلسطینی قصبہ ہے جسے خالی کرنے کیلئے اسرائیلی حکومت نے گذشتہ ہفتے چند روز کی مہلت دی تھی جبکہ صیہونی عدالت بھی خان الاحمر کو فلسطینی آبادی سے خالی کرانے کا فیصلہ دے چکی ہے۔ عبرانی اخبار کے مطابق نئی آباد کاری کیلئے 145 دونم فلسطینی رقبضہ پہلے ہی غصب کیا جاچکا ہے۔