مزید امریکی پابندیوں سے باہمی تعاون متاثر ہوگا: روس

ماسکو ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ اگر امریکہ نے ماسکو کے خلاف مزید پابندیاں لگائیں تو واشنگٹن کے ساتھ کئی امور میں دوطرفہ تعاون متاثر ہو سکتا ہے۔ یورپی یونین کی طرح امریکہ نے بھی روس کے خلاف یوکرین کے بحران کی وجہ سے اقتصادی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ ماسکو میں وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق اگر واشنگٹن حکومت نے ماسکو کے خلاف پابندیوں میں کوئی توسیع کی، تو اس کا اثر ایرانی ایٹمی پروگرام اور شامی خانہ جنگی جیسے معاملات میں روس اور امریکہ کے اشتراک عمل پر بھی پڑے گا۔