مرے‘واورنیکا اور ہالیپ کی پیشقدمی

پیرس ۔31 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) فرنچ اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے افتتاحی مرحلے میں رومانیا کی سیمونا ہالیپ نے سلوواکیہ کی جانا کو شکست دیکر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔ تفصیلات کے مطابق فرنچ اوپن کے پہلے مرحلے میں رومانیا کی سیمونا ہالیپ کا مقابلہ سلوواکیہ کی جانا سیپلووا کیساتھ ہوا ، رومانیہ کی کھلاڑی نے زبردست کھیل پیش کرتے ہوئے پہلا سٹ 6-2 سے اپنے نام کیا۔ دوسرے سٹ میں بھی وہ اپنی حریف پر چھائی رہیں اور انہیں جم کر کھیلنے کا موقع نہ دیا ، سیمونا ہالیپ نے یکطرفہ کھیل کے بعد 6-3 سے فتح حاصل کی ، اس جیت کے بعد وہ سال کے دوسرے گرانڈ سلام کے اگلے مرحلے میں پہنچ گئی ہیں۔دریں اثناء مرد زمرے کے مقابلے میں سوئٹزر لینڈ کے اسٹان واورنیکا پہلے راؤنڈ میں کامیاب رہے۔ انہوں نے سلواکیا کے جوزف کواک کوراست سٹوں میں شکست دی۔ خواتین کے مقابلوں میں آسٹریلیا کی ایشلے بارٹی ناکام رہیں جبکہ امریکی ٹینس اسٹار مڈیسن کیز دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔ ایشلے بارٹی کے خلاف امریکی اسٹار کی فتح کا اسکور 6-3 اور 6-2 رہا۔ برطانوی ٹینس hسٹار اینڈی مرے نے فرنچ اوپن کے اہم میچ میں اپنے روسی حریف آندرے کوزنیستو کو شکست دے کر دوسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کر لی ہے۔ انہوں نے کوزنیستو کو 6-4 ، 6-4، 6-2 اور 6-0 سے شکست دی۔ میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مرے نے کہاکہ میری پیرس سے بڑی خوشگوار یادیں وابستہ ہیں کیونکہ میں نے یہی سے ورلڈ نمبر ون کا تاج اپنے سر پر سجایا تھا۔ میںاس کامیابی کے بعد خود کو اچھا محسوس کر رہا ہوں۔ خیال رہے کہ مرے 650 ویں فتوحات سے صرف تین میچ دور ہیں۔