مریم نوازکا پارٹی میں کوئی رول نہیں ہوگا:پی ایم ایل (ن)میں اپنی فیملی کے فیصلے کے مطابق کام کروں گی : مریم نواز

اسلام آباد،30اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اعلی ذرائع نے آج بتایا کہ معزول سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز مستقبل میں پارٹی میں کسی طرح کا کردار ادا نہیں کریں گی۔دی نیشن اخبار سے بات چیت کرتے ہوئے پی ایم ایل(ن)کے ذرائع نے بتایا کہ پناما پیپر معاملے میں نواز شریف کی معزولی کے بعد پارٹی کی قیادت کون کرے گا اس پر ابھی کسی طرح کا فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اگر نوازشریف کوپارٹی قائد کی حیثیت سے بھی عدلیہ ہٹاتی ہے تو اس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا لیکن مریم نواز کا پارٹی میں کسی طرح کارول نہیں ہوگا۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قراردئے گئے سابق وزیر اعظم کو پھر سے پارٹی کا سربراہ بنا دیا گیا ہے لیکن یہ معاملہ بھی فی الوقت عدالت میں زیر التوا ہے اور اگر عدالت میں فیصلہ ان کے خلاف آتا ہے تو پھر پارٹی اس پر بعد میں فیصلہ کرے گی۔نیو یارک ٹائمز سے انٹرویو کے دوران یہ تنازعہ سامنے آیا تھا کہ نواز شریف فیملی نے مریم نوازکو پارٹی میں اہم ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ، اس کے بعد مریم نواز نے کہا کہ ان کی باتوں کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے ۔نیویارک ٹائمز نے لکھا ہے کہ مریم نواز نے انٹرویو کے دوران راست طریقے سے یہ نہیں کہا کہ انہیں پارٹی میں کوئی بڑی ذمہ داری دی جائے گی یا وہ وزیر اعظم بننے کی خواہاں ہیں۔ انہوں نے محض اتنا کہا کہ وہ اپنی فیملی کے فیصلے کے مطابق ہی کام کریں گی اور ان سے قریب رہنے والے لوگوں نے انہیں بتایا ہے کہ وہ آئندہ کوئی بڑا کردار ادا کریں گی۔اخبار کے مطابق جن بدعنوانی کے مقدمے کی وجہ سے ان کے والد مستعفی ہوئے انہی میں مریم نواز کا نام بھی شامل ہے ، ان پر لندن میں آف شور کمپنیوں کے ذریعے لندن میں عالیشان فلیٹس خریدنے کا الزام ہے جن کی تفصیلات پناما پیپرس میں سامنے آئی تھیں۔ ایک احتساب عدالت نے ان کے ، ان کے والد اور شوہرکے خلاف مجرمانہ کارروائی کا آغاز کیا ہے جس کا اختتام انہیں کوئی عوامی عہدہ رکھنے اور جیل جانے پر ہو سکتا ہے ۔دوسری طرف ،سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر امریکی اخبار کو دیئے گئے بیان کی تردید کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ خاندان کی جانب سے پارٹی قیادت سنبھالنے کا بیان مجھ سے منسوب کرنا غلط ہے خاندان میں اس قسم کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔مریم نواز نے پارٹی قیادت سنبھالنے کے بیان کی تردید کردی ہے ۔