مرکز میں نئی حکومت پر ترنمول کانگریس کا کنٹرول ہوگا : ممتا بنرجی

کیشائری (مغربی بنگال ) ۔ 31 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ترنمول کانگریس سربراہ ممتا بنرجی نے دعویٰ کیا کہ مرکز میں نئی حکومت اُس کے کنٹرول میں ہوگی ۔ انھوں نے ویسٹ مدناپور میں مختلف مقامات پر انتخابی ریالیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکز نے گزشتہ تین سال کے دوران بنگال سے قرض کیلئے 86 ہزار کروڑ روپئے حاصل کرلی لیکن دہلی میں آئندہ حکومت پر ترنمول کانگریس کا کنٹرول ہوگا ۔ انھوں نے کہا کہ مرکز ہمیں فنڈس سے محروم کررہا ہے تاکہ ترقی کو روک دیا جائے ۔ اب ہم مستقبل میں دہلی کو ایسا کرنے نہیں دیں گے ۔ بی جے پی پر فسادات بھڑکانے کا الزام عائد کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ عوام بی جے پی ، کانگریس یا سی پی آئی ایم کو ووٹ نہ دیں جنھوں نے ترنمول کانگریس کے خلاف اتحاد کرلیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی نے جہاں فسادات بھڑکائے اُسی طرح کانگریس مہنگائی کیلئے ذمہ دار ہے ۔ سی پی آئی ایم صرف ڈھانچوں کو دفن کرتی ہے ۔