مرکز مخالف کرپشن قانون کو کمزور کرنے کوشاں، کجریوال کا الزام

نئی دہلی ۔ 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مخالف کرپشن ہیلپ لائن کا آغاز کرتے ہوئے چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج مرکز کو مخالف رشوت ستانی قانون کمزور کرنے کی کوشش کا موردالزام ٹھہرایا۔ انہوں نے یہاں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ جہاں حکومت دہلی بدعنوانی پر قابو پانے کیلئے کارروائی کررہی ہے، وہیں مرکزی حکومت انسداد بدعنوانی قانون کو کمزور کرنے کوشاں ہے۔ ’’راجیہ سبھا میں ایک بل قانون انسداد کرپشن کی بعض دفعات میں ترمیم کیلئے لایا گیا۔ اس ترمیم کے تحت انسداد کرپشن کے عہدیداروں کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ کوئی افسر جس کے پاس اپنے معروف ذرائع آمدنی سے غیرمتناسب اثاثہ جات ہوں، اس نے یہ بدعنوانیوں کے ذریعہ حاصل کئے ہیں۔ یہ ثابت کرنا کس طرح ممکن ہے؟ ‘‘ کجریوال نے کہا کہ موجودہ طور پر کوئی عہدیدار جس کے پاس معروف ذرائع آمدنی سے غیرمتناسب اثاثہ جات پائے جائیں، وہ بدعنوان سرگرمیوں میں ملوث سمجھا جاتا ہے۔

جموں مخالف حکومت احتجاجوں سے دہل گیا، پولیس کے ساتھ جھڑپیں
جموں ۔ 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کا سرمائی دارالحکومت آج شدید سردی کے موسمی حالات کے درمیان مختلف تنظیموں کی جانب سے ایک دو نہیں بلکہ 8 مخالف حکومت احتجاجوں سے دہل گیا جس میں مظاہرین کے دو گروپوں نے پولیس والوں کے ساتھ جھڑپ کی۔ زائد از 150 نوجوانوں نے جو 2010ء میں جیل وارڈنس کے عہدوں کیلئے بھرتی امتحان میں شریک ہوئے تھے، قطعی نتائج کی اشاعت کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ نوکری کے متلاشی نوجوانوں نے مخالف حکومت نعرے بازی کی اور پولیس کے ساتھ الجھ گئے۔ دریں اثناء پاور ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے عارضی ورکرس نے بھی احتجاجی ریالی نکالی۔