مرکز اور ریاستی حکومت پر جمہور ی حقوق کچلنے کا الزام : اتم کمار ریڈی

حیدرآباد 30 جنوری ( این ایس ایس ) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی این اتم کمار ریڈی نے آج الزام عائد کیا کہ ریاستی اور مرکزی حکومتیں عوام کے احتجاج کے جمہوری حق کو تباہ کر رہی ہیں۔ تلنگانہ پردیش کانگریس نے آج حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کے  مین گیٹ پر احتجاج منظم کیا اور مطالبہ کیا کہ روہت خود کشی کیس میں مرکزی وزرا بنڈارو دتاتریہ ‘ سمرتی ایرانی اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر اپا راؤ کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ پولیس نے کانگریس کارکنوں کو حراست میں لے لیا اور انہیں چندا نگر پولیس اسٹیشن منتقل کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ سنٹرل یونیورسٹی میں آمرانہ قوانین چلائے جا رہے ہیں۔ ایک طالب علم خود کشی کرچکا ہے جب مرکزی اور ریاستی حکومتیں دلت طلبا کے سماجی بائیکاٹ کو روکنے میں ناکام ہوگئی ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر اپا راؤ کو معطل کردیا جائے ۔