مرکزی حکومت کارپوریٹ شعبہ جات کو ترقی دے رہی ہے

سرکاری محکمہ جات نظر انداز ، اے کے پدمانا بھن کا پنشنرس اسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : صدر سی آئی ٹی یو مسٹر اے کے پدمانابھن نے کہا کہ مرکز میں برسر اقتدار این ڈی اے حکومت مخالف پنشنرس ، مخالف ملازمین اور مخالف مزدور پالیسیوں پر عمل پیرا ہے جس کے نتیجہ میں ملک کے تمام پنشنرس ، ملازمین اور مزدور کئی مسائل سے دوچار ہیں ۔ وہ آج سندریا وگینان کیندرم میں نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی آف پنشنرس اسوسی ایشنس نئی دہلی کے زیر اہتمام منعقدہ سنٹرل گورنمنٹ پنشنرس کے ’ آل انڈیا کنونشن ‘ کو مہمان خصوصی مخاطب تھے ۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ملک میں بجائے سرکاری محکمہ جات کو ترقی دینے کے کارپوریٹ شعبہ جات کو ترقی کی راہ کو گامزن کرنے کی غرض سے ملک کے سرمایہ داروں کی پشت پناہی کررہی ہے ۔ مرکز ملک کے سنٹرل گورنمنٹ ملازمین ، پنشنرس اور مزدوروں کو درپیش مسائل کے حل میں عدم دلچسپی کا اظہار کررہی ہے ۔ جس کی وجہ سے سنٹرل گورنمنٹ یونینوں اور اسوسی ایشنس کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے 23 نومبر سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ مرکز کی مخالف لیبر ، مخالف ورکر ، مخالف ملازمین پالیسیوں کے خلاف 2 ستمبر کو تمام سنٹرل گورنمنٹ ٹریڈ یونینوں کی جانب سے آل انڈیا سطح پر ہڑتال منظم کی جائے گی ۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری سنٹرل گورنمنٹ پنشنرس ، ایمپلائز کے ای ایس آئی ، ای پی ایف پالیسیوں کے علاوہ لیبر ایکٹ پر موثر عمل آوری کے ضروری اقدامات کرے ۔ اس موقع پر جنرل سکریٹری اے آئی آر ایف مسٹر شیوا گوپال مشرا ، صدر اے آئی ڈی ایف مسٹر ایس آر پتھک ، جنرل سکریٹری سنٹرل گورنمنٹ ایمپلائز کانفیڈریشن مسٹر کے کے این کٹی ، جنرل سکریٹری پوسٹل پنشنرس اسوسی ایشن مسٹر کے راگھویندرن ، جنرل سکریٹری بی ایس این ایل پنشنرس اسوسی ایشن مسٹر جئے راج ، جنرل سکریٹری ساوتھ سنٹرل ریلوے پنشنرس اسوسی ایشن مسٹر شنکر راؤ نے بھی مخاطب کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی سنٹرل گورنمنٹ ملازمین اور پنشنرس کی مخالف پالیسیوں کی شدید مذمت کی ۔ اس موقع پر تمام سنٹرل گورنمنٹ کی پنشنرس اسوسی ایشنوں سے وابستہ پنشنرس اور قائدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ قبل ازیں اے پی جے عبدالکلام کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی منائی گئی ۔۔