مرکزی حکومت پینے کے پانی کی اسکیمات کو اہمیت دے ‘ ہریش راؤ

حیدرآباد 31 جولائی ( آئی این این ) وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ مرکزی حکومت کو چاہئے کہ وہ قومی آبی پالیسی میں پینے کے پانی کی اسکیمات کو مزید اہمیت دے ۔ ہریش راؤ نے کہاکہ ریاستی حکومت کی جانب سے ریاست میں مختلف ذخائر آب سے پینے کے پانی کی سربراہی کو یقینی بناتے ہوئے پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ مشن بھاگیرتا ایک بڑی کوشش تھی جو ریاستی حکومتنے شروع کی تھی تاکہ پینے کے صاف اور محفوظ پانی کی سربراہی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ کالیشورم ‘ یکم پلی اور مڈ مانیر پراجیکٹس پر ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ کالیشورم پراجیکٹ سے یلم پلی اور مڈ مانیر ذخائر آب کے راستے حیدرآباد کو مستقبل بنیادوں پر پانی سربراہ کیا جاسکتا ہے ۔ عہدیداروں نے انہیں بتایا کہ حیدرآباد و سکندرآباد کو گذشتے دو تین سال سے پانی کی قلت کا سامنا ہے کیونکہ ناگرجنا ساگر ‘ سنگور ‘ حمایت ساگر اور عثمان ساگر میں پانی کم ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تاہم اس قلت کو یکم پلی سے 10 ٹی ایم سی پانی چھوڑتے ہوئے پورا کیا جا رہا ہے ۔