مرکزی حکومت پر تلنگانہ کے ساتھ سوتیلا سلوک کرنے کا الزام

اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ، پروفیسر کودنڈا رام کا خطاب
حیدرآباد ۔ 29 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : پروفیسر کودنڈا رام نے تلنگانہ کے ساتھ سوتیلا سلوک برتنے کا مرکزی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے ساٹھ سالوں سے تعصب کا شکار علاقہ تلنگانہ کو خصوصی مراعات اور تحفظات فراہم کرنے کے بجائے مرکزی حکومت چندرا بابو نائیڈو کے اشاروں پر کام کرتے ہوئے آندھرا پر اپنی خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔ آج یہاں ٹی جے اے سی دفتر میں منعقدہ اسٹرینگ کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے ساتھ مرکز کے غلط برتاؤ کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے متعلق بجٹ کی فراہمی میں مرکز کی جانب سے کسی بھی قسم کی کوتاہی تلنگانہ کے ساتھ ایک اور ناانصافی کا سبب بن سکتی ہے ۔ پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے 14 ویں فینانس کمیشن کو پیش کئے گئے تمام تجاویز پر مرکزی حکومت کی توجہ تلنگانہ کی ترقی میں فائدہ مند ثابت ہوگی ۔ انہوں نے تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے تلنگانہ کے تمام اضلاع میں بجٹ کے متعلق ورک شاپ منعقد کرنے کا بھی اس موقع پر اعلان کیا ۔۔