مرکزی حکومت سے تلنگانہ کیلئے نئے زونل سسٹم کی منظوری

نئے نظام سے مقامی افراد کو 95 فیصد ملازمتیں ، چیف سکریٹری کی تمام محکمہ کے سکریٹریز کو ہدایت
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : مرکزی حکومت نے تلنگانہ کے نئے زونل سسٹم کو منظوری دے دی ہے ۔ 2 ملٹی زونس اور 7 زونس کو قبول کرتے ہوئے مرکز نے گزٹ نوٹیفیکیشن جاری کردیا ۔ نئے زونل سسٹم سے 95 فیصد مقامی افراد کو ملازمتیں حاصل ہوں گی ۔ چیف منسٹر کے سی آر کے دورہ دہلی کامیاب رہا ہے ۔ جہاں انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کرتے ہوئے نئے زونل سسٹم کی منظوری کے لیے کامیاب نمائندگی کی تھی ۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی نے نئے زونس کی منظوری کے بعد مختلف محکمہ جات کو ضلع ۔ زونل اور ملٹی زونس کے تحت سرویس رولس کو تبدیل کرنے کے لیے تیار رہنے کی تمام محکمہ جات کے سکریٹریز کو احکامات جاری کردیا ہے ۔ ریاستی حکومت تقریبا 50 ہزار جائیدادوں پر تقررات کرنے کے لیے نئے زونس اور ملٹی زونس کی منظوری کا انتظار کررہی تھی ۔ امید کی جارہی ہے کہ حکومت مختلف محکمہ جات میں نئے تقررات کرنے کے لیے تیزی سے پیش رفت کرے گی ۔ پانی ۔ فنڈز اور تقررات کے نعرے سے علحدہ تلنگانہ ریاست قائم ہوئی ہے ۔ کے سی آر کی قیادت میں ٹی آر ایس حکومت پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر آبپاشی پراجکٹس تعمیر کررہی ہے ۔ نئے زونل سسٹم کی منظوری سے بڑے پیمانے پر آبپاشی پراجکٹس تعمیر کررہی ہے اور تقررات کرنے کی راہ ہموار ہوئی ہے ۔ نئے منظور کردہ زونل سسٹم کے تحت ضلع ۔ زون اور ملٹی زونس کے تحت 95 فیصد مقامی افراد کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے ۔ 5 فیصد جائیدادیں اوپن زمرہ میں رہیں گی ۔ مقامی افراد کو میرٹ کی بنیاد پر اوپن زمرے میں بھی ملازمتیں حاصل کرنے کی گنجائش رہے گی ۔ اسٹیٹ کیڈر کو منسوخ کرنے پر 5 فیصد اوپن زمرے میں 31 اضلاع کے بیروزگار نوجوانوں کو درخواست داخل کرنے کی گنجائش رہے گی ۔ اس سے تمام جائیدادوں پر تلنگانہ کے نوجوانوں کو موقع فراہم ہوگا ۔ نظم و نسق کو عوام کی دہلیز پر پہونچانے کے لیے کئے گئے اضلاع کی تنظیم جدید بھی کارآمد ثابت ہوگی ۔۔