مرکزی اسکیمات میں تلنگانہ حکومت کی حصہ داری پر غور

جناب محمد محمود علی کی مرکزی وزراء سے ملاقات کی تجویز
حیدرآباد۔/30جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت مرکزی اسکیمات میں ریاست کو مناسب حصہ داری کیلئے مرکزی وزارت اقلیتی اُمور سے نمائندگی کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی 9فبروری کو اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ نئی دہلی روانہ ہوں گے جہاں مرکزی وزارت اقلیتی اُمور کے وزراء نجمہ ہپت اللہ اور مختار عباس نقوی کے علاوہ اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈپٹی چیف منسٹر کے ہمراہ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود محمد جلال الدین اکبر اور منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن ایس اے شکور موجود رہیں گے۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے مرکز کو یادداشت کی پیشکشی کے سلسلہ میں نوٹ کی تیاری کا کام جاری ہے جس میں مرکزی اسکیمات کے حوالہ سے تلنگانہ کی حصہ داری میں اضافہ کی اپیل کی جائے گی۔ مرکز کی جانب سے اعلان کردہ اقلیتی بہبود سے متعلق نئی اسکیمات، وزیر اعظم کا اقلیتوں کی بھلائی سے متعلق 15نکاتی پروگرام اور تلنگانہ میں اوقافی جائیدادوں کی ترقی کیلئے مرکز سے گرانٹ کے حصول جیسے اُمور پر نمائندگی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مرکز کی جانب سے اقلیتی طلبہ کو دی جانے والی اسکالر شپ کے سلسلہ میں ہر ریاست کو کوٹہ مقرر کرنے کے سسٹم کو ختم کرنے کی اپیل کی جائے گی تاکہ تلنگانہ کے تمام درخواست گذار اقلیتی طلبہ اسکالر شپ سے مستفید ہوسکیں۔ اقلیتی آبادی والے علاقوں کی ترقی کیلئے موجود مرکزی حکومت کی اسکیم کے سلسلہ میں تلنگانہ کے مزید علاقوں کو شامل کرنے کیلئے بھی نمائندگی کی جائے گی۔ تلنگانہ حکومت چاہتی ہے کہ اوقافی جائیدادوں کی ترقی کیلئے مرکز گرانٹ جاری کرے۔اوقافی جائیدادوں کی ترقی سے جو آمدنی حاصل ہوگی وہ اقلیتی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مرکز سے حاصل ہونے والی امداد اور دیگر مسائل کے سلسلہ میں تفصیلی نوٹ تیار کریں۔