مرزا پور لوک سبھا نشست ’محفوظ ‘نہیں ہوگی

اترپردیش میں مزید دو ایس ٹی نشستیں : الیکشن کمیشن
نئی دہلی ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہیکہ اترپردیش میں مرزا پور لوک سبھا نشست کو درج فہرست طبقات (ایس سی) کیلئے محفوظ نہ کیا جائے بلکہ اوبرا اور دوڈھی اسمبلی حلقوں کو درج فہرست قبائل (ایس ٹی) کیلئے ریزرو کردیا جائے۔ اترپردیش میں پارلیمانی اور اسمبلی حلقوں میں ایس سیز اور ایس ٹیز کی نمائندگی کیلئے نشستوں میں ردوبدل کے ضمن میں اپنی تجویز کے تحت انتخابی پینل نے یہ فیصلہ کیا

جبکہ وارانسی، سہارنپور اور جھانسی میں منعقدہ اپنی عوامی سماعتوں کے دوران مختلف گوشوں کے اعتراضات مسترد کردیئے۔ کمیشن نے مرزا پور پارلیمانی حلقہ کو ایس سیز کیلئے محفوظ کرنے اور رابرٹس گنج نشست کو اس کے بدل کے طور پر غیرمحفوظ کردینے کی تجویز رکھی تھی لیکن اسے متعدد اعتراضات کا سامنا ہوا۔ رجسٹرار جنرل آف انڈیا سے آبادی کے نظرثانی شدہ اعداد و شمار حاصل ہونے کے بعد کمیشن نے 403 رکنی اترپردیش اسمبلی میں ایس سیز ؍ ایس ٹیز کیلئے موجودہ 85 میں مزید ایک اسمبلی حلقہ کا اضافہ کرنے کی تجویز بھی ظاہر کی ہے۔ کمیشن کے جاری کردہ اعلامیہ کے تحت چیف الیکشن کمشنر وی ایس سمپت اور الیکشن کمشنرس ایچ ایس برہما اور ایس این اے زیدی نے اپنی تجویز پر اعتراضات کی یکسوئی کرتے ہوئے دو نشستیں درج فہرست قبائل (ایس ٹی) کیلئے محفوظ کردینے کا فیصلہ کیا۔

کانگریس قائدین کی میٹنگ کا انعقاد
نئی دہلی ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا چناؤ کیلئے حکمت عملی کو ٹھوس شکل دینے کے سلسلہ میں اے آئی سی سی کی یہاں 17 جنوری کو میٹنگ سے قبل آج کانگریس قائدین نے اجلاس منعقد کرتے ہوئے پارٹی کی انتخابی مہم کے موضوع کو نکھارنے کے سلسلہ میں غوروخوض کیا۔ اس میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کی انتخابی مہم کو ان مسائل سے جوڑا جائے جو پارٹی منشور میں عوام سے حاصل ہونے والی راست آراء کی بنیاد پر شامل کئے جائیں گے۔ ذرائع نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران کانگریس عوام سے کہے گی کہ ان کی تجاویز کا پارٹی نے نوٹ لیا اور منشور میں شامل کیااور اگر پارٹی کی سربراہی میں حکومت تشکیل پاتی ہے تو ان تمام وعدوں پر عاجلانہ انداز میں عمل آوری کی جائے گی۔